کاسرگوڈ: عدالت جاتے ہوئے پولیس کی تحویل سے ملزم ہوا فرار - 3 پولیس اہلکار معطل
کاسرگوڈ،24؍مئی (ایس او نیوز) عدالت میں حاضری کے لئے لے جاتے وقت بی سی روڈ ودیا نگر پر پولیس کی تحویل سے ایک ملزم فرار ہوگیا جس کے بعد تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
پولیس تحویل سے فرار ہونے والے ملزم کا نام امیر علی (23 سال) بتایا گیا ہے ۔ جبکہ فرائض انجام دینے میں کوتاہی کی پاداش میں معطل کیے گئے پولیس والوں کے نام اسسٹنٹ سب انسپکٹر سنجیوا ، جاشیر اور ارون بتائے گئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ امیر علی منشیات سپلائی کرنے سے متعلقہ معاملے میں کنور جیل میں قید تھا ۔ اسے جب عدالت میں حاضر کرنے کے لئے لیجایا جارہا تھا تو اس نے اپنے ایسکارٹ پولیس والوں کی توجہ کسی اور طرف مبذول کرواتے ہوئے ان کی تحویل سے نکل بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس مفرور ملزم کی تلاش میں سرگرم ہوگئی ہے ، مگر تا حال اس کا کوئی اتہ پتہ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔