کاسرگوڈ،26؍فروری (ایس او نیوز)ریلوے پروٹیکشن فورس نے منگلورو چینئی ایکسپریس سوپر فاسٹ ٹرین میں 117جیلیٹین (ڈائنامائٹ) کی چھڑیاں اور350 ڈیٹو نیٹرس اپنے ساتھ لے کر سفر کرنے کے جرم میں ایک خاتون مسافرکو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرین کوزی کوڈ ریلوے اسٹیشن پر پہنچنے سے ذرا پہلے آر پی ایف نے یہ کارروائی انجام دی۔ دھماکہ خیز مادہ سے بھرا تھیلا مذکورہ خاتون کی سیٹ کے نیچے سے برآمد ہوا تھا۔ تفتیش کے دوران خاتون نے اپنے جرم کااقرار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تلچیری کی طرف جارہی تھی اور کنویں کھودنے کی کارروائی میں استعمال کرنے کے لئے دھماکہ خیز مادہ لے جارہی تھی۔
خیال رہے کہ یہ مادہ عام طور پر پہاڑوں کو توڑنے اور کنویں کھودنے کے لئے استعمال ہوتا ہے مگر شر پسند عناصر بالخصوص نیکسل وادی انتہا پسند اکثر اسے تخریبی کارروائی کے لئے استعمال کرتے ہیں۔
ریلوے پروٹیکشن فورس نے اس معاملے کی گہری تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔ کیرالہ پولیس کی انٹلی جنس ونگ تحقیقات میں شامل ہوگئی ہے۔