کاروار:انجن میں خرابی کے بعد لاپتہ ہونے والی کشتی ماہی گیروں سمیت واپس ساحل پر لوٹ آئی
کاروار 6/ دسمبر (ایس او نیوز) بیچ سمندر میں انجن خراب ہونے کے بعد لاپتہ ہونے والی کشتی تمام ماہی گیروں کے ساتھ بحفاظت ساحل پر واپس پہنچ گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مودگا کے گنیش کوڈارکر نامی شخص کی ملکیت والی یہ ماہی گیر کشتی بدھ کے دن صبح مچھلیوں کے شکار کے لئے نکلی تھی۔اس کشتی میں بیت کول کے تین اور کوپل کے دو افراد ملازمین کے طور پر سوار تھے۔ گوا کے پولم سمندر میں شام کے چار بجے کے قریب کشتی کا انجن خراب ہوگیا، جس کی وجہ سے کشتی اسی مقام پر رکی رہی۔ مگر رات دس بجے کے بعد کشتی پر سوار لوگوں سے موبائل فون کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
کشتی سے رابطہ منقطع ہونے سے خدشات پید ا ہونے لگے تو صبح دوسری ماہی گیر کشتی اس لاپتہ کشتی کو تلاش کرنے کے لئے نکل پڑی۔ لیکن دوپہر بارہ بجے تک تلاشی مہم کے بعد بھی کشتی کا کوئی پتہ نہیں چلا۔ اس لئے تلاشی مہم پر جانے والی کشتی واپس لوٹ آئی اور محکمہ ماہی گیری کے افسران کو کشتی لاپتہ ہوجانے کے بارے میں اطلاع دی گئی۔اس دوران گوا کے سمندر میں لیبیا نامی پرشین ماہی گیر کشتی نے مصیبت میں پھنسے ہوئے لوگوں کو دیکھ لیا اور انہوں نے آگے بڑھ کر کشتی کا انجن درست کردیا جس کے بعد تمام ماہی گیر اپنی کشتی پر ہی واپس کاروار بندرگاہ تک پہنچ گئے۔