کاروار:پی ایس آئی کے نام سے فیس بک پر نقلی اکاؤنٹ۔ آن لائن دھوکہ دہی کا نیا طریقہ ۔ تیزی سے چل رہا ہے فراڈ  کا کاروبار 

Source: S.O. News Service | Published on 5th September 2020, 2:20 PM | ساحلی خبریں | اسپیشل رپورٹس |

کاروار،5؍ستمبر (ایس او نیوز)  ڈیجیٹل بینکنگ اور بینک سے متعلقہ کام کاج انٹرنیٹ کے ذریعے انجام دینے کی سہولت اس لئے عوام کو فراہم کی گئی ہے تاکہ لوگ کم سے کم وقت میں بغیر کسی دقت کے اپنی بینکنگ کی ضرورریات پوری کرسکیں ۔ نقدی ساتھ لے کر گھومنے اور پاکٹ ماری کے خطرے جیسی مصیبتوں سے بچ سکیں۔لیکن اس سسٹم نے جتنی سہولت اور آسانی بینک کے گاہکوں کو دی ہے کچھ اس سے بھی زیادہ اس کا فائدہ دھوکے باز وں اور جعلساز وں کو ہورہا ہے۔

لوگوں کے لیے سہولت بن گئی ہے آفت: حقیقت یہ ہے کہ   لوگوں کو دی جانے والی اس سہولت کی وجہ سے دن بدن آن لائن دھوکہ دہی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔اور حد تو یہ ہے کہ   آن لائن دھوکہ دہی کرنے والے گروہوں کی طرف سے اب عام آدمی کو اپنے مکر وفریب کا شکار بنانے اور مالی نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس کے افسران ، فوجیوں اور سیاست دانوں کو بھی اپنے جال میں پھانسنے کے واقعات عام ہورہے ہیں۔ اس سے ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے اب ان جعلسازوں نے فوجیوں اور پولیس افسران کے نام سے نقلی سوشیل میڈیا اکاؤنٹس بناکر لوگوں کو ٹھگنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ کچھ اسی قسم کاایک  تازہ واقعہ کاروار شہر میں بھی پیش آیا ہے۔

پی ایس آئی کے نام سے مدد کی درخواست: موصولہ رپورٹ کے مطابق آن لائن فریب کاروں نے کاروار دیہی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ریونّا سدپّا کے نام سے فیس بک پر اکاؤنٹ بنایا۔اس پیج  کے پروفائل پر پی ایس آئی ریونّا کا اصلی فوٹو بھی چسپاں کیا، اور پھر ان کے جان پہنچان والوں کو ’دوستی کا پیغام ‘(فرینڈ ریکویسٹ ) بھیجا۔پھر مسینجر ایپ کے ذریعے چیاٹ کرکے اس دھوکے باز وں نے پی ایس آئی کے بہروپ میں ان لوگوں کو بتایا کہ ’میں بڑی مشکل میں ہوں اس لئے فوری طور پر مجھے 10ہزار روپے کی سخت ضرورت ہے۔آپ میری مدد کریں۔‘اس طرح اصرار کرنے پر پی ایس آئی کے بعض جانکار افراد نے کال کرنے والے کے کھاتے میں رقم جمع کروادی۔لیکن کچھ لوگوں کو شبہ ہواکہ شاید یہ جھوٹ اور دھوکا بازی کا معاملہ ہو۔ اس لئے انہوں نے براہ راست پی ایس آئی ریونّا کو فون کرکے دریافت کیا۔ معاملے کی جانکاری ملتے  ہی پی ایس آئی ریونّا نے فیس بک پر رپورٹ کرنے کے علاوہ سائبر کرائم ڈپارٹمنٹ کے توسط سے نقلی فیس بک اکاؤنٹ کو بلاک کروالیا۔ پی ایس آئی نے بتایا کہ میں نے جعلسازوں کی طرف سے میرے نام پر نقلی فیس بک اکاؤنٹ سے میرے دوستوں کو ٹھگنے کی یہ بات اپنے اعلیٰ افسران کے علم میں لائی ہے۔سائبر کرائم شعبہ میں شکایت درج کی گئی ہے اوران جعلسازوں کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے۔

فوجی کے نام سے نیوی افسر کو دھوکہ: کاروار کا یہ پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے قبل استعمال شدہ ضروری چیزوں کےآن لائن فروخت کے لئے معروف ویب سائٹ ’او ایل ایکس‘ پر ایک دھوکہ باز نے اپنے آپ کو فوجی بتاتے ہوئے اپنے فوٹو اور شناختی کارڈ کے ساتھ یہ اشتہار دیا کہ وہ اپنا موٹر بائک 25ہزار روپے میں فروخت کرنا چاہتا ہے۔آن لائن خریدی کا آفر دیتے ہوئے اس نے موٹربائک کی تصویر بھی پوسٹ کردی۔ یہ دیکھ کر کاروار بحری اڈے پر تعینات ایک نیول آفیسر نے اس سے رابطہ کیا اور 25ہزار روپے بائک کے لئے بھیج دئے۔ پھر اس شخص نے فون کرکے نیول آفیسر کو بتایا کہ میں نے بائک روانہ کردی ہے۔ اب آپ کے موبائل فون اسکرین پر جوچار عدد کا نمبر(اوٹی پی)آیا ہے وہ بتادیں۔ اور اس نیول آفیسر نے بغیر کسی جھجھک کے وہ نمبر فون کرنے والے کو بتادیا۔اس کے بعد بس پلک جھپکتے ہی نیول آفیسرکے بینک اکاؤنٹ سے 1لاکھ روپے نکالے جانے کا مسیج فون پر موصول ہوا۔اس سے حیران رہ جانے والے نیوی آفیسر نےسائبر کرائم شعبے میں شکایت درج کروائی۔

کالج پروفیسر کو بھی ٹھگ لیا گیا: کاروار شہر سے ٹھگی کاایک اور معاملہ ایک میڈیکل کالج پروفیسر کے ساتھ پیش آیا۔یہ بھی او ایل ایکس ویب سائٹ کا ہی واقعہ بتایا جاتا ہے۔ پروفیسر نے اپنا صوفہ فروخت کرنے کا اشتہار اوایل ایکس پر ڈال دیا۔ آن لائن دھوکہ بازوں نے صوفہ خریدنے میں دلچسپی دکھاتے ہوئے پروفیسر سے پوچھا کہ کیا تمہارے پاس گوگل پے ایپ ہے؟ تو پروفیسر نے جواب دیا کہ نہیں میرے پاس گوگل پے ایپ نہیں ہے۔ فون کالر نے ان سے کہا کہ میں نے آپ کے فون پر گوگل پے سے ’ریکویسٹ ‘ بھیجی ہے اس کو ’او کے‘ کردو۔ پروفیسر کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس کی بات پر عمل کیا اور دوسرے ہی لمحے ان کے بینک کھاتے سے  30 ہزار روپے کی رقم اڑالی گئی۔پروفیسر صاحب نے بھی سائبر کرائم پولیس کا درواز ہ کھٹکھٹایا ہے۔

ضلع میں   40سے زائد معاملات : ضلع شمالی کینرا میں2018سے اب تک اس آن لائن دھوکہ بازی کے  40 سےزائدواقعات پیش آ چکے ہیں۔اورجعلسازی کاشکار ہونے والے لوگوں نے اب تک کروڑوں روپے گنوائے ہیں۔ جبکہ پولیس نے اب تک صرف20 لاکھ روپے ملزموں کے پاس سے  برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ زیادہ تر واقعات میں  ’او ٹی پی‘،فیس بک، او ایل ایکس کے ذریعےسے ٹھگنے کا کام کیا گیا ہے۔گمان یہ بھی ہے کہ دھوکہ کھانے والے افراد میں ایسے لوگ بھی بڑی تعداد میں ہونگےجنہوں نے اپنے ساتھ پیش آئے ہوئے معاملے کی خبر کسی کو نہ دی ہوئی اور پولیس میں شکایت بھی درج نہیں کروائی ہو۔

ملزموں کو تلاش کرنا آسان نہیں:  ضلع شمالی کینرا میں اے ٹی ایم، کریڈٹ کارڈ، ڈیبیٹ کارڈ وغیرہ کی معلومات حاصل کرکے لوٹنے کے معاملات میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔اس طرح لوگوں کے  لاکھوں روپے لوٹے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ  بینک گاہک اگر لوٹے جانے کے  24 گھنٹے کے اندر شکایت درج کروائے تو 40%رقم واپس ملنے کے امکانات باقی رہتے ہیں۔چونکہ بہت سے فریب کار متعلقہ بینک کے نام پر ہیلپ لائن  کےذریعے موبائل فون نمبر رجسٹر کرلیتے ہیں اس لیے ایسے دھوکے بازوں کو آسانی سے پکڑنا ممکن نہیں ہوتا۔پھر بھی ضلع شمالی کینرا کے پولیس افسران نے ایسے معاملات کی تفتیش میں ایک حد بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔  اب تک کاروار ، کاروارسی برڈ نیول بیس،ڈانڈیلی میں ایک  ایک اور انکولہ میں دو   آن لائن دھوکہ دہی معاملوں کو حل کرلیا گیا ہے اوران 5معاملات میں راجستھان سے تعلق رکھنے والے 4ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

’ریموٹ اسکرین ایکسیس‘ سے دھوکہ دہی: دھوکہ باز گروہ زیاد ہ تر  موبائل فون سے آن لائن بینکنگ یا ڈیجیٹل ادائیگی کرنے والوں کو ٹھگنے کے لئے ’ریموٹ اسکرین ایکسیس‘ ترکیب کا استعمال کرتے ہیں۔اس طرح وہ لوگ نہ صرف  بینک اکاؤنٹ سے رقم نکالتے ہیں ، بلکہ آن لائن شاپنگ کے آرڈر دینے اور دوسری ادائیگی کرنے کا کام انجام دیتے ہیں اور متعلقہ افراد کے بینک کھاتے سے خریداری کا بل اور دوسرے اخراجات کے زمرے میں رقم منہا ہوجاتی ہے۔ اورکھاتے دار کو جب تک اس فراڈ کی خبر ہوتی ہے تب تک اکثر وبیشتر بڑی رقم کھاتے سے نکالی جاچکی ہوتی ہے۔ یا کبھی کبھی پورا کھاتہ ہی خالی ہوجاتا ہے۔

بیرونی ریاستوں سے چل رہا ہے کاروبار: محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ کا یہ کاروبار زیادہ تر کرناٹکا سے باہرجھارکھنڈ ، بہار، چھتیس گڑھ، اتر پردیش، مغربی بنگال، دہلی، راجستھان جیسی دوردراز ریاستوں میں بیٹھ کر چلایا جارہا ہے ۔اس میں بھی جھارکھنڈ کے نکسل وادی علاقے سے زیادہ بڑے پیمانے پرفراڈ انجام دئے جارے ہیں۔ ملک کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر دھوکے بازی اور جعلسازی سے رقم اڑانے والے آج کل سرکاری افسران کو بڑی تعداد میں نشانہ بنارہے ہیں۔اور عام طریقہ کار یہی ہے کہ انجان آدمی بینک کا آفیسر بن کر فون کرتا ہے اور اے ٹی ایم کی میعاد ختم ہونے اور نیا کارڈ فراہم کرنے کےنا م پر کھاتے کی تفصیلات معلوم کر لیتا ہے اور پھراوٹی پی کے ذریعےکھاتے سے رقم خالی کردی جاتی ہے۔اس کے علاوہ ای میل اور بینک کے ذریعے مسیج کے نام پر بھی تفصیلات حاصل کرکے لوگوں کو لوٹنے کا کار وبار پورے ملک میں چل رہا ہے۔

اسے بے ہوشی کہیں یا بے وقوفی !: بینکوں  اور محکمہ پولیس کی جانب سے عوام کو چوکنا اور اپنے بینک کھاتے یا اے ٹی ایم کارڈ  وغیرہ کی تفصیلات کسی بھی شخص سے موبائل فون ، مسیج یا ای میل کے ذریعے شیئر نہ کرنے کی بار بار تاکید کیے جانے کے باوجود روزانہ درجنوں افراد ایسے فریب کاروں کے جھانسے میں آجاتے ہیں اور پل بھر میں اپنی جمع پونجی گنوا دیتے ہیں۔اب  اگر اس کو بے وقوفی کی انتہا اور دیکھتے بھالتے گڈھے میں گرنا نہیں تو اور کیا کہا جاسکتا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بھٹکل سنڈے مارکیٹ: بیوپاریوں کا سڑک پر قبضہ - ٹریفک کے لئے بڑا مسئلہ 

شہر بڑا ہو یا چھوٹا قصبہ ہفتہ واری مارکیٹ عوام کی ایک اہم ضرورت ہوتی ہے، جہاں آس پاس کے گاوں، قریوں سے آنے والے کسانوں کو مناسب داموں پر روزمرہ ضرورت کی چیزیں اور خاص کرکے ترکاری ، پھل فروٹ جیسی زرعی پیدوار فروخت کرنے اور عوام کو سستے داموں پر اسے خریدنے کا ایک اچھا موقع ملتا ہے ...

نئی زندگی چاہتا ہے بھٹکل کا صدیوں پرانا 'جمبور مٹھ تالاب'

بھٹکل کے اسار کیری، سونارکیری، بندر روڈ، ڈارنٹا سمیت کئی دیگر علاقوں کے لئے قدیم زمانے سے پینے اور استعمال کے صاف ستھرے پانی کا ایک اہم ذریعہ رہنے والے 'جمبور مٹھ تالاب' میں کچرے اور مٹی کے ڈھیر کی وجہ سے پانی کی مقدار بالکل کم ہوتی جا رہی ہے اور افسران کی بے توجہی کی وجہ سے پانی ...

بڑھتی نفرت کم ہوتی جمہوریت  ........ ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

ملک میں عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہونے والا ہے ۔ انتخابی کمیشن الیکشن کی تاریخوں کے اعلان سے قبل تیاریوں میں مصروف ہے ۔ ملک میں کتنے ووٹرز ہیں، پچھلی بار سے اس بار کتنے نئے ووٹرز شامل ہوئے، نوجوان ووٹرز کی تعداد کتنی ہے، ایسے تمام اعداد و شمار آرہے ہیں ۔ سیاسی جماعتیں ...

مالی فراڈ کا نیا گھوٹالہ : "پِگ بُوچرنگ" - گزشتہ ایک سال میں 66 فیصد ہندوستانی ہوئے فریب کاری کا شکار۔۔۔۔۔۔۔(ایک تحقیقاتی رپورٹ)

ایکسپوژر مینجمنٹ کمپنی 'ٹینیبل' نے ایک نئی رپورٹ جاری کی ہے جس میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ پچھلے سال تقریباً دو تہائی (66 فیصد) ہندوستانی افراد آن لائن ڈیٹنگ یا رومانس اسکینڈل کا شکار ہوئے ہیں، جن میں سے 81 فیصد کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مسلمان ہونا اب اس ملک میں گناہ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔از: ظفر آغا

انہدام اب ایک ’فیشن‘ بنتا جا رہا ہے۔ یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ یہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا بیان ہے۔ بے شک مکان ہو یا دوکان ہو، ان کو بلڈوزر کے ذریعہ ڈھا دینا اب بی جے پی حکومت کے لیے ایک فیشن بن چکا ہے۔ لیکن عموماً اس فیشن کا نشانہ مسلم اقلیتی طبقہ ہی بنتا ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال ...

کیا وزیرمنکال وئیدیا اندھوں کے شہر میں آئینے بیچ رہے ہیں ؟ بھٹکل کے مسلمان قابل ستائش ۔۔۔۔۔ (کراولی منجاو کی خصوصی رپورٹ)

ضلع نگراں کاروزیر منکال وئیدیا کا کہنا ہے کہ کاروار میں ہر سال منعقد ہونےو الے کراولی اتسوا میں دیری اس لئے ہورہی ہے کہ  وزیرا علیٰ کا وقت طئے نہیں ہورہاہے۔ جب کہ  ضلع نگراں کار وزیر اس سے پہلے بھی آئی آر بی شاہراہ کی جدوجہد کےلئے عوامی تعاون حاصل نہیں ہونے کا بہانہ بتاتے ہوئے ...