بھٹکل : کل منگل کو ہونے والے انتخابات کے لئے اُترکنڑا میں تیاریاں مکمل؛ سبھی پولنگ بوتھوں پر ووٹنگ مشین روانہ؛ صبح سات بجے سے شروع ہوگی ووٹنگ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 22nd April 2019, 7:20 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 22/اپریل (ایس او نیوز) سات مرحلوں میں ہونے والی ملک کے عام انتخابات کا تیسرا مرحلہ کل منگل کو شروع ہورہا ہے، جس کے لئے تیاریاں تقریباً مکمل ہوچکی ہیں۔ ضلع اُترکنڑا کے مختلف  حلقوں میں  آج صبح سے  ووٹنگ مشینوں کو  پولنگ بوتھوں پر روانہ کرنے کی کاروائی شروع ہوئی۔

بھٹکل میں ساگر روڈ پر واقع شری گروسدھیندرا  کالج کو  بھٹکل حلقہ کا سینٹر بنایا گیا ہے جہاں آج صبح سات بجے سے ہی ہلچل شروع ہوگئی تھی۔بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر جو بھٹکل حلقہ کے اسسٹنٹ الیکشن آفسر بھی ہیں، تحصیلدار اور سرکل پولس انسپکٹر کی موجودگی میں پہلے  اسٹرونگ روم کو کھولا گیا جہاں سبھی  الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں رکھی گئیں تھیں۔ مشینوں کی جانچ اور ضروری کاروائیوں کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں تمام پولنگ بوتھوں کے  سیکشن آفسر ان کے  حوالے کئی گئیں۔ دوپہر کو  آفسران اپنے عملہ کے ساتھ اپنے اپنے نامزد کردہ پولنگ بوتھوں پر روانہ ہوگئے۔ دور دراز علاقوں میں واقع پولنگ بوتھوں پر جانے کے لئے بسوں کا انتظام کیا گیا تھا،  قریبی پولنگ بوتھوں پر جانے کے لئے ٹمپو اور ٹویرا کار کا انتظام تھا۔

بتایا گیا ہے کہ کل منگل صبح چھ  بجے  پولنگ بوتھوں پر  انتخابی اُمیدواروں  کے پولنگ ایجنٹوں  کی موجودگی میں  مشینوں کی پھر ایک بار جانچ کی جائے گی اور ایجنٹوں کو دکھایا جائے گا کہ مشینیں صحیح طور پر کام کررہی ہیں یا نہیں۔ جس کے بعد صبح سات بجے سے ووٹنگ کا آغاز ہوگا۔

بھٹکل اسمبلی حلقہ میں 248 پولنگ بوتھ آتے ہیں ، جہاں پولنگ کے لئے آج سے ہی  آفسران اور پولس اہلکاروں کی ڈیوٹی شروع ہوچکی ہے، ان سب کی نگرانی بھٹکل کے  اسسٹنٹ الیکشن آفسر ساجد مُلا کریں گے۔ پولنگ بوتھوں پر انتخابی کاروائیوں کے لئے جملہ 1096 اہلکاروں کی تعینات کیا گیا ہے۔ انتخابی کاروائیوں کے دوران  حفاظتی  بندوبست کے تحت 248 پولنگ بوتھوں کے لئے 480 پولس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔

انتخابی اُمور کے لئے نامزد آفسران اور اہلکاروں کے لئے  آج ناشتہ، کھانااور رات کے کھانے کا انتظام تھا، اسی طرح کل انتخابات کے دوران بھی  ناشتہ سمیت دوپہر کے کھانے اور رات کے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ پولس اہلکاروں کے لئے پہلی بار اس انتخابات میں  کھانے کی ایک کٹس بھی فراہم کی گئی ہے جس میں  ڈرائی فروٹ سمیت  ، مٹھائیاں، چاکلیٹ ، جُوس کے علاوہ ٹوتھ پیسٹ، ٹوتھ برش اور صابن  شامل ہیں۔

خیال رہے کہ  اس بار کے عام انتخابات سات مراحل میں  مکمل کئے جائیں گے،  دوسرے  مرحلے کے انتخابات میں کرناٹک کی 14سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہوئی تھی اور اب کل ہونے والے تیسرے مرحلے میں باقی بچی ہوئی  14 سیٹوں کے لئے انتخابات ہوں گے۔  سبھی سات مراحل کے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو کی جائے گی ۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی