ریاست کرناٹک کے متعددمقامات پر اگلے تین دن بھاری بارش کا امکان، گرمی سے بھاری راحت
بنگلورو،12؍ مئی (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک کے بنگلور سمیت متعدد علاقوں میں پچھلے ایک ہفتہ سے روزانہ بارش ہورہی ہے ، جس کے ساتھ ہی عوام کو گرمی سے ایک حد تک راحت بھی مل گئی ہے، مگر ایسا کہا جارہا ہے کہ یہ بارش چونکہ آسانی طوفان کی وجہ سے ہورہی ہے، جیسے ہی بارش کا سلسلہ رُکے گا، گرمی میں مزید اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کی مانیں تو بارش کا سلسلہ اگلے تین دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
بنگلور چونکہ پہاڑی علاقہ ہے اور یہ علاقہ ہمشہ سرد رہتا ہے، مگر اس بار سر د رہنے والے علاقے میں بھی اتنی شدت کی گرمی محسوس کی جارہی تھی کہ درجہ حرارت 34 اور 35ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔ ان علاقوں میں دوپہر کے اوقات میں شدید گرمی پڑی ہوئی تھی۔ دفتروں اور گھروں میں اے سی اور پنکھوں کے بغیر رہنا مشکل ہورہا تھا لیکن پچھلے 4 دنوں سے موسم بہت ہی سہانا ہوگیا ہے۔ اس بے موسم کی بارش سے لوگوں کو کافی راحت ملی ہے۔
خلیج بنگال میں تیز ہواؤں کے نتیجہ میں آندھرا پردیش کے متعدد مقامات اور بشمول کرناٹک کے مختلف مقامات پر پچھلے ایک ہفتہ سے بھاری بارش ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں موسم کافی ٹھنڈا ہوگیا ہے۔ بنگلورو اور اطراف و اکناف کے کئی مقامات پر بھاری بارش کے ساتھ اولے بھی گرنے کی اطلاعات ہیں۔