پرائیویٹ اسپتالوں میں کووڈکا علاج کروارہے مریضوں کے اخراجات حکومت اداکرے گی: سدھاکر
بنگلورو،23؍ستمبر(ایس او نیوز) سرکاری اسپتال کی سفارش پرپرائیویٹ اسپتالوں میں زیرعلاج کووڈ۔19کے مریضوں کے جملہ اخراجات حکومت کی جانب سے اداکئے جائیں گے۔بروزمنگل اسمبلی کے سرمائی سیشن میں اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے ضابطہ 69کے تحت اٹھائے گئے امورپرجواب دیتے ہوئے ریاستی وزیربرائے طبی تعلیم ڈاکٹرکے سدھاکرنے یہ بات کہی۔
اسمبلی سیشن میں بحث کے دوران جے ڈی ایس رکن اسمبلی شیولنگے گوڈانے کہا کہ کورونامتاثرین کے علاج کے دوران پرائیویٹ اسپتالوں میں افزودفیس وصول کی گئی ہے۔ اس پر جواب دیتے ہوئے سدھاکرنے کہا کہ کوروناعلاج کے اخراجات کے سلسلہ میں دوطریقے اختیارکئے گئے ہیں،کووڈ۔19کی تصدیق کے بعد بی بی ایم پی کے ذریعہ اپنے نام کا اندراج کراتے ہوئے سرکاری یاپرائیویٹ اسپتال میں اڈمٹ ہونے پرکووڈکے جملہ اخراجات کی ادائیگی حکومت کی جانب سے کی جاتی ہے۔سرکاری طورپر اندراج نہ کراتے ہوئے راست طورپر ازخود پرائیویٹ اسپتالوں میں اڈمٹ ہونے والے کووڈمریضوں کے اخراجات کابوجھ مریض کے کنبہ کوہی برداشت کرنے ہوں گے۔
پرائیویٹ اسپتالوں میں افزودفیس وصولی کی شکایت ملنے کے فوری بعد پرائیویٹ اسپتالوں کے لیے کووڈ۔19کے علاج کی فیس حکومت کی جانب سے طے کردی گئی ہے۔اپوزیشن لیڈرسدارامیا نے کہا کہ حکومت کورونامتاثرین کے اعدادوشماراوراموات کی تعدادغلط طریقہ سے ظاہرکررہی ہے۔اس الزام کاجواب دیتے ہوئے سدھاکرنے کہا کہ ہمار ی حکومت نے کوروناکے آغازسے اب تک کووڈمتاثرین کے اعداد وشمارظاہرکرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی ہے۔حکومت پرغلط الزام لگانے سے پہلے یہ سوچناہوگا کہ آپ نے بھی حکومت چلائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں کوروناسے ہونے والی اموات کی شرح 1.56ہے۔یہ شرح ملک میں ہونے والی کورونااموات کی شرح سے بہت کم ہے۔