کورونا نے کرناٹک میں ڈھایا زبردست قہر؛ ایک ہی دن ریکارڈ توڑ 918 معاملات؛ صرف بنگلور میں ہی 596 کیسس، بھٹکل میں احتیاطی اقدامات

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 28th June 2020, 1:13 AM | ریاستی خبریں |

بھٹکل 27/جون (ایس او نیوز)  کورونا نے آج سنیچر کو کرناٹک میں زبردست قہربرپا کردیا  ہے کیونکہ  پچھلے چوبیس گھنٹوں میں  ریاست میں ریکارڈ توڑ 918 نئے کورونا  معاملات سامنے آئے ہیں  جس کے ساتھ ہی  ریاست میں کورونا سے متاثرہ لوگوں کی تعداد  بڑھتے ہوئے  11,923کو پہنچ گئی ہے۔ آج بنگلور میں  بھی سب سے زیادہ  معاملات سامنے آئے  جس کے ساتھ ہی بنگلور ریاست بھر میں کورونا کا ہاٹ اسپاٹ بن گیا ہے۔یہاں آج ایک ہی دن میں  596 معاملات سامنے آئے ہیں۔ بنگلور میں کورونا کے بڑھتے معاملات پر اب بھٹکل میں بھی احتیاطی تدابیر پر غور کیا جارہا ہے اور بنگلور سے بھٹکل آنے والی بسوں  سے کہا گیا ہے کہ وہ مسافروں کو لے کر  سیدھے سرکاری اسپتال پہنچے اور تمام مسافروں کے نام درج کرائیں۔

پچھلے چوبیس گھنٹوں میں  ریاست کے مختلف حصوں  میں کورونا سے گیارہ لوگوں کی جانیں بھی گئی ہیں جس کےساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 191 ہوگئی ہے۔ جس میں صرف بنگلور سے ہی 84 لوگ ہیں۔

ہیلتھ بلٹین کے مطابق اب تک  کرناٹک میں  11,923 لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے جس میں سے اب تک  7,287 صحت یاب ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج بھی ہوچکے ہیں، جبکہ 4,441 لوگ مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

بنگلور میں 596 کورونا معاملات کے بعد دوسرے نمبر پر آج دکشن کنڑا ہے جہاں 49 کیسس پوزیٹیو آئے ہیں، کلبرگی میں 33، بلاری اور گدگ میں 24، دھارواڑ میں 19، بیدر میں 17 اور اُڈپی، ہاسن اور کولار میں 14، 14 معاملات سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح آج بعض اضلاع کے اسپتالوں سے لوگ ڈسچارج بھی ہوئے ہیں بلٹین کے مطابق جملہ 371 لوگ آج ڈسچارج ہوئے ہیں  جس میں  یادگیر سے 102، بلاری اور بیدر سے 60، 60 اور رائچور سے 24 شامل ہیں۔ 

آج جن گیارہ لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے، اُس میں بنگلور اور بیدر سے تین تین ،  گلبرگہ میں دو اور گدگ، بلاری اور دھارواڑ سے  ایک ایک  کی موت شامل ہیں۔

آج بہت  زیادہ تعداد میں کورونا کے معاملات سامنے آنے کی وجہ سے ہیلتھ بلٹین میں محکمہ ہیلتھ نے لوگوں میں کورونا  کے اثرات پائے جانے کا  ذریعہ ہی   درج نہیں کیا ہے، یاد رہے کہ گذشتہ دو تین دنوں سے بنگلور میں  کورونا کے جو معاملات سامنے آرہے تھے، اُن کو لے کر  محکمہ ہیلتھ کے افسران کافی پریشان تھے کیونکہ اُن میں اکثر لوگوں میں کورونا کے داخل ہونے کا ذریعہ نہیں مل پارہا تھا۔

ریاست میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے   وزیر اعلیٰ یڈی یورپا نے آئندہ ہفتہ سے ہر اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ 29 جون سے  رات کے کرفیو میں بھی تبدیلی کی جارہی ہے، بتایا جارہا ہے کہ اب رات نو بجےکے بجائے رات آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔

بنگلور میں سب سے زیادہ کورونا کے معاملات سامنے آنے کی وجہ سے اب بنگلور سے بھٹکل پہنچنے والی بسوں کو سرکاری اسپتال کے  باہر  لاکھڑا کرنے کے احکامات بھی دئے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ بنگلور سے بھٹکل پہنچنے والے تمام مسافروں کو سرکاری اسپتال میں اپنے نام لکھوانے ہوں گے اور ہر ایک کی تھرمل اسکیننگ کی جائے گی۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...

ہبلی: سی او ڈی کرے گی نیہا مرڈر کیس کی تحقیقات؛ ہبلی، دھارواڑ کے مسلم رہنماوں نے کی قتل کی مذمت

ہبلی میں ہوئے کالج طالبہ نیہا قتل معاملے کو بی جے پی کی طرف سے سیاسی مفادات کے لئے انتہائی منفی انداز میں پیش کرنے کی مہم پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اعلان کیا ہے کہ قتل کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات سی او ڈی کے ذریعے کروائی جائے گی اور تیز رفتاری کے ساتھ شنوائی کے ...

کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ

لوک سبھا انتخابات 2024: کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار پر لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ معاملہ کانگریس لیڈر شیوکمار کے ایک ویڈیو سے جڑا ہے۔ ویڈیو میں، وہ مبینہ طور پر ...

طالبہ کا قتل: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے لو جہاد سے کیا انکار

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہفتہ کو کہا کہ ایم سی اے کی طالبہ نیہا ہیرے مٹھ کا قتل لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے میسور میں میڈیا کے نمائندوں سے کہاکہ میں اس فعل کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ قاتل کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔ یہ لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ حکومت اس بات کو ...