کورونا اَپ ڈیٹ: کرناٹکا کے 10اضلاع میں مریضوں کی تعداد کے مقابلے میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ہوگئی زیادہ
بنگلورو،4؍مئی (ایس او نیوز) کرناٹکامیں کووِڈ۔19سے متاثرہ 19اضلاع میں سے 10اضلاع میں مریضوں کی موجودہ تعداد کے مقابلے میں مرض سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلورو اربن، میسورو، چکبالاپور،بیدر، بنگلورو مضافات،اتر کنڑا،اڈپی، بلاری، چترادرگہ اور کوڈاگو ایسے اضلاع ہیں جہاں زیر علاج مریضوں کے مقابلے میں مکمل صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد زیادہ ہوگئی ہے۔ایک آفیسر نے بتایا کہ ”مؤثر نگرانی اورآئسولیشن کے نتیجے میں نئے معاملات میں کمی آگئی ہے۔اس کے علاوہ ایک اہم پہلو یہ بھی رہا کہ اکثر مریضوں کی عمرپچاس سال سے کم تھی جس کی وجہ سے جلد صحتیاب ہونے میں ان کو مدد ملی۔“
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سنیچر کے ایک ہی دن میں 20مریض مختلف اسپتالوں سے ڈسچارج ہوگئے ہیں۔ اس طرح جملہ 635مریضوں میں سے 293مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔لیکن تشویش کی بات یہ ہے کہ تقریباً 7000معاملات کی جانچ رپور ٹ ابھی آنا باقی ہے، جس کی پیش نظر ماہرین کا خیال ہے کہ ان رپورٹس کے آنے پر سارا حساب و کتاب منحصر ہے۔ ہوسکتا ہے کہ ریاستی صورتحال شاید بدل بھی جائے۔
کرناٹکا میں اب زیادہ تر معاملات میں دیکھا جارہا ہے کہ مریضوں میں پہلے سے کوئی علامات موجود نہیں تھیں۔ اس لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی جانچ کی جائے اس طرح روزانہ جانچ کیے جانے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ صحت کی طرف سے روزانہ پانچ ہزار افراد تک کی جانچ کا نشانہ رکھا گیا ہے۔مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ کرناٹکا کو مہاراشٹرا، دہلی اور تملناڈو کی طرح روزانہ جانچ کی تعداد کو مزید بڑھا نا ہوگا۔