مینگلور 17/اپریل (ایس او نیوز) مینگلور کی معروف سینٹ الوسیس پی یو کالج نے گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی شاندار کامیابی درج کی اور بالجملہ نتائج کی شرح 98.12 فیصد درج کی گئی۔ امسال کالج سے جملہ 1916 طلبا نے پی یو سی دوم کا امتحان دیا تھا جس میں 1880 طلبا کامیاب رہے۔کامیاب ہونے والوں میں 526 طلبا نے امتیازی نمبرات حاصل کئے ہیں۔شعبہ سائنس کی کامیابی کی شرح 97.48 فیصد، شعبہ کامرس کی 98.85 فیصد اور شعبہ آرٹس کی 99 فیصد درج کی گئی ۔
شعبہ سائنس میں ہیلونا سانیکا ڈینٹیس نے 98.17 فیصد کے ساتھ پورے کالج میں ٹاپ کیا، جبکہ شعبہ کامرس میں ادیہی اشوک بھنڈاری نے 98.85 فیصد کے ساتھ اول اور شعبہ آرٹس میں حنّا پی جیدیپ نے 96.83 فیصد کے ساتھ اول مقام حاصل کیا۔
کالج پرنسپال فادر میلوین مینڈونسا نے کالج طلبا کے شاندار پرفارمینس پر تمام طلبا سمیت کالج اسٹاف کو بھی مبارکباد پیش کی ہے جن کی محنت اور کاوشوں سے طلبا بہترین مارکس لانے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے طلبا کے والدین اور سرپرستوں کو بھی طلبا کی بہترین کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔