کرناٹک میں انسداد تبدیلی مذہب قانون لانے کا منصوبہ ، جبراً یا لالچ دلاکر مذہب بدلنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا: اسمبلی میں وزیر داخلہ کا اعلان

Source: S.O. News Service | Published on 22nd September 2021, 10:24 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،22؍ستمبر(ایس او  نیوز)کرنا ٹک کی بی جے پی حکومت اُتر پردیش اور مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومتوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ریاست میں بھی تبدیلی مذہب کو روکنے کے لئے ایک قانون لانے پر غور کر رہی ہے- یہ بات وزیر داخلہ ارگا گیانیندرا نے ریاستی اسمبلی میں صفر ساعت کے دوران کہی-

بی جے پی رکن اسمبلی گولی ہٹی چندرشیکھر نے ان کے ضلع اورحلقہ میں عیسائی مشنریوں کی طرف سے تبدیلی مذہب کی مہم چلائے جانے کی شکایت کی اور کہا کہ جبراً یا لالچ دے کر لوگوں کے مذہب بدلے جا رہے ہیں، اس کو روکنے کے لئے فوری طور پر قدم اٹھانے کا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا تو اس کے جواب میں ارگا گیانیندرا نے اعلان کیا کہ کرناٹک میں انسداد تبدیلی مذہب قانون لایا جائے گا -

گولی ہٹی چندرا شیکھر نے کہا کہ خود ان کا خاندان تبدیلی مذہب کا شکار ہو چکا ہے اور ان کی ماں کے مذہب کو بدل دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کے خاندان میں انتشار پھیلا ہوا ہے - گولی ہٹی نے دعویٰ کیا کہ چترا درگہ ضلع میں 20ہزار سے زیادہ لوگوں کا مذہب بدل دیا گیا ہے - انہوں نے الزام لگایا کہ جو لوگ تبدیلی مذہب کے لئے راضی نہیں ہو تے ان پر جبرکیا جا رہا ہے اور ان کو ہراساں کرنے کے لئے ان پر عصمت دری کے فرضی کیس درج کروانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں - اس مرحلہ میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست یا ملک میں کہیں بھی جبراً مذہب بدلنے کی اجازت کسی کو نہیں ہے - اسی طرح لالچ دے کر مذہب بدلنے کی بھی قانون میں گنجائش نہیں -

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے تمام اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹوں کو ہدایت دی ہے کہ جبراً یا لالچ دے کر مذہب بدلنے کی کوششوں کو روکنے کے لئے ضروری قدم اٹھائے جائیں -وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگوں کے بھولے پن یا دیگر مواقع کا استعمال کرتے ہوئے اگر ان کے مذہب کو بدلنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور تنظیموں کوبخشا نہیں جائے گا - انہوں نے کہا کہ جبراً مذہب بدلنے کی کوششوں سے امن و امان میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہے، اس لئے حکومت اس کا موقع فراہم کرنا نہیں چاہتی - حکومت تبدیلی مذہب کو روکنے کے لئے مناسب قانون لانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے -

وزیر داخلہ نے کہا کہ لالچ دے کر لوگوں کو مذہب بدلنے پر آمادہ کرنے کے لئے ریاست میں ایک منظم نیٹ ورک کام کر رہا ہے اور حکومت اس سے بخوبی واقف ہے -انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں جبراً مذہب بدلے جانے کو روکنے کا قانون بنا ہے، اس کا ریاستی حکومت جائزہ لے رہی ہے - موجودہ قوانین کے تحت اگر ممکن ہو سکا تو اس کو روکا جائے گا یا ایک نیاقانون لایا جائے گا- اس مرحلہ میں جے ڈی ایس رکن دیوآنند نے کہا کہ بیجاپور ضلع میں بھی بڑے پیمانے پر مذہب بدلنے کی سرگرمی جاری ہے - بنجارا قبیلوں کے لوگوں کو چن چن کر عیسائی بنایا جارہا ہے -اس مرحلہ میں تمام گرجا گھروں کو تبدیلی مذہب کا مرتکب قرار دینے بی جے پی رکن اسمبلی گولی ہٹی شیکھر کی کوشش پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے ممبر کے جے جارج نے کہا کہ تمام گرجا گھروں پر الزام لگانا درست نہیں - جو جبراً یا لالچ دے کر مذہب بدل رہے ہیں، ان کی نشاندہی کر کے کارروائی کرنے پر کسی کو اعتراض نہیں -کسی ایک چرچ کی غلطی کے لئے تمام پر کیچڑ اچھالنا درست نہیں - وزیر داخلہ اور اسمبلی اسپیکر وشویشور ہیگڑے کاگیری نے اس سے اتفاق کیا-

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...

ہبلی: سی او ڈی کرے گی نیہا مرڈر کیس کی تحقیقات؛ ہبلی، دھارواڑ کے مسلم رہنماوں نے کی قتل کی مذمت

ہبلی میں ہوئے کالج طالبہ نیہا قتل معاملے کو بی جے پی کی طرف سے سیاسی مفادات کے لئے انتہائی منفی انداز میں پیش کرنے کی مہم پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اعلان کیا ہے کہ قتل کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات سی او ڈی کے ذریعے کروائی جائے گی اور تیز رفتاری کے ساتھ شنوائی کے ...

کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ

لوک سبھا انتخابات 2024: کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار پر لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ معاملہ کانگریس لیڈر شیوکمار کے ایک ویڈیو سے جڑا ہے۔ ویڈیو میں، وہ مبینہ طور پر ...

طالبہ کا قتل: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے لو جہاد سے کیا انکار

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہفتہ کو کہا کہ ایم سی اے کی طالبہ نیہا ہیرے مٹھ کا قتل لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے میسور میں میڈیا کے نمائندوں سے کہاکہ میں اس فعل کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ قاتل کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔ یہ لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ حکومت اس بات کو ...