کرناٹک میں نوٹیفکیشن کے پہلے دن 6؍امیداروں کی نامزدگیاں داخل
بنگلورو،20؍مارچ (ایس او نیوز) ریاست میں لوک سبھا الیکشن کے پہلے مرحلہ میں 14؍سیٹوں پر 18؍اپریل کو ہونے والے الیکشن کے لئے پرچہ نامزدگی کرنے کا آغاز ہوگیا ۔ پہلے دن چار حلقوں میں6؍ امیدواروں کی جانب سے 11؍ مزدگیاں داخل کئیں۔ یہ اطلاع ریاستی الیکشن افسر سنجیو کمار نے دی۔
وارتا سودھا میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دکشن کنڑا میں لوک تانترک پارٹی سے سپریت کمار پوجاری ، منڈیا سے ایس یو سی آئی (سی) پارٹی کی امیدوار کے طور پر سندھیا پی ایس ، کانگریس (آئی ) کے امیدوار کے طور پر آنند جے جے ، بنگلورو ساؤتھ حلقہ میں آزواد امیدوار امروز ڈی میلو نے پرچہ نامزدگی داخل کئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاٹک سرویلنس ٹیم فلائننگ اسکواڈ اور پولیس افسروں کی مشترکہ کارروائی کے ذریعہ 1,33,22,505روپئے نقد ،20,92,481 روپئے مالیت کی 1377.37 لیٹر شراب اور 1,34,96,614 روپئے مالیت کی دیگر اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔ 298ہتھیارات ضبط کئے گئے ہیں۔ 9؍ ہتھیارات کے لائسنس منسوخ کئے گئے ہیں۔ سی اے آر پی سی ایکٹ کے تحت 36,302معاملات درج کئے گئے ہیں۔ 15139غیر ضمانتی وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمشنر سنجیو کمار نے دیگر تفصیلات بتائیں اور کہا کہ فوجیوں کو خصوصی ڈاک ووٹ کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انتخابات کی ڈیوٹی پر مامور افسر، اہلکار و دیگر ورکرس کو بھی ڈاک ووٹ کا موقع دیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بھی ڈاک ووٹ کا موقع فراہم کرنے کی درخواست مرکزی الیکشن کمیشن سے کی گئی ہے تاہم یہ مسئلہ کمیشن کے دائرہ کار میں نہیں آتی۔ یہ کام پارلیمانی سطح پر ممکن ہے۔ پارلیمانی امور وحدود میں یہ مسئلہ آتا ہے۔ اس لئے وہیں حل ہوسکتا ہے۔
سنجیو کمار نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 1950نمبر پر مشتمل مفت ہیلپ لائن کا آغاز کیا گیا ہے۔ شکایات اور معلومات حاصل کرنے کی غرض سے اب تک 35,088فون آئے ہیں ۔ ان میں 34,312معاملات حل کردیئے گئے ہیں۔ سی و یجل ایپ کے ذریعہ 235شکایات آئی ہیں۔ عام عوام میں اس سلسلہ میں آگہی و بیداری لانے کی ضرورت ہے۔ سی ویجل ایپ میں کوئی بھی شکایت کرسکتا ہے کوئی امیدوار یا پارٹی کارکن لالچ دیتا ہے، دباؤ ڈالتا ہے، یا جھانسہ دینے کی کوشش کرتا ہے تو ایسی تصویر ، ویڈیو یا آڈیو کے ذریعہ شکایت روانہ کی جاسکتی ہے۔