کرناٹک میں اسکول بند کرنے کی کوئی تجویزنہیں: وزیر تعلیم سریش کمار
بنگلورو،20؍مارچ(ایس او نیوز)ملک بھر میں اورخاص طور پر کرناٹک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر اٹھنے کے نمایاں آثار کے درمیان اسکولوں اور کالجوں میں تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے جانے پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ جس تیزی سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے اس سے اسکول جانے والے بچوں کی حفاظت کو لے کر والدین فکر مند ہو گئے ہیں، لیکن ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیم سریش کمار نے واضح کردیا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سنگین خطرہ کے باوجود کرناٹک میں تعلیمی ادارو ں کو بند کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
ہوسکوٹے میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ کے لئے عوام خود ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے احتیاطی کے سبب ایک بار پھر کورونا نے بحران کی شکل اختیار کی ہے۔
سریش کمار نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرہ کے باوجود جس طرح اسکولوں میں طلباء نے اپنے ڈسپلن کا ثبوت دیا ہے عوام کو بھی ایسا ڈسپلن کا ثبوت پیش کرنا ہو گا، ورنہ کورونا وائرس جلد قابو میں نہیں آپائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کورونا سے نپٹنے کے لئے تمام تیاریاں کی جا رہی ہیں، ان کو مؤثر بنانے کے لئے عوام کا تعاون درکار ہے۔