معمر شہریوں کا پوسٹ کے ذریعہ ووٹ ہائی کورٹ نے عرضی مسترد کردی
بنگلورو،26؍مارچ (ایس او نیوز) بزرگ شہریوں کو پوسٹ کے ذریعہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی سہولت دینے مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کو ہدایت دینے کی درخواست کرتے ہوئے کرناٹک ہائی کورٹ میں داخل عرضی کو کورٹ نے مسترد کردیا۔
ٹمکور کے رہنے والے ایک وکیل رمیش نائک نے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ عرضی داخل کی تھی۔چیف جسٹس اے ایس اوک کی قیادت والی ڈیویژنل بنچ کے سامنے یہ عرضی سماعت کے لئے آئی۔ اس معاملے میں باری باری وکلاء کی بحث سننے کے بعد بنچ نے کہا کہ تمام بزرگ شہریوں کو پوسٹ کے ذریعہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی سہولت دینا ممکن نہیں۔اس لئے اس عرضی پر کارروائی کرنا بھی ممکن نہیں، یہ کہتے ہوئے عدالت نے عرضی کو مسترد کردیا۔