ایس ایس ایل سی امتحانات کے تعلق سے 18 ؍ مئی کو فیصلہ متوقع
بنگلورو، 17؍ مئی (ایس او نیوز؍پی ٹی آئی) کرناٹک حکومت ایس ایس ایل سی امتحانات سے متعلق پیر کو فیصلہ لے سکتی ہے جو کووڈ۔19 لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملتوی ہوگئے تھے۔وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ایس سریش کمار نے کہا کہ ریاست حکومت کی جانب سے پیر کو ٹائم ٹیبل جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ہم ایس ایس ایل سی امتحانات کے ضمن میں اجلاس منعقد کررہے ہیں۔‘‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کووڈ۔19 کے پیش نظر امتحانات کے انعقاد اور احتیاطی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سریش کمار نے کہا کہ ہمیں ماسکس، سینی ٹائزرس اور تھرمل اسکینرز کا انتظام کرنا ہوگا۔ ہیلتھ چیک اپ کے لیے تھرمل اسکانرلگائیں گے ۔ ہمیں صحت کے مسائل سے دو چار امیدواروں کے بیٹھنے کا علاحدہ انتظام کرنا ہوگا۔ ان تمام مسائل پر پیر کے روز تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ‘‘ ایس ایس ایل سی امتحانات 27 ؍ مارچ سے شروع ہونے والے تھے مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے اسے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا ۔