کرناٹک حکومت کے اشتہار سے نہرو کی تصویرغائب؛ ساورکر کو دی گئی جگہ، عوام اُٹھارہے ہیں سوال

Source: S.O. News Service | Published on 16th August 2022, 12:15 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،16؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) ‘ہر گھر ترنگا’ مہم کے حوالے سے حکومت کرناٹک نے اخبارات میں اشتہارجاری کیا ہے جس پر جواہر لال نہروں کی تصویر ہی غائب ہے اوراشتہار میں ساورکر کی تصویر لگائی گئی ہے جس کو لے کر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔

اشتہار کے پہلی صف میں مہاتما گاندھی، سبھاش چندر بوس، ولبھ بھائی پٹیل، بھگت سنگھ، چندر شیکھر آزاد اور ساورکر کو جگہ دی گئی ہے جبکہ دوسری صف پرلالہ لجپت رائے، بال گنگادھرتلک، بپن چندر پال، ڈاکٹربھیم راؤامبیڈکر، لال بہادر شاستری اور مولانا عبدالکلام آزاد ہیں۔ اس کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر بسواراج بومائی بھی اشتہارمیں ہیں۔

ایک طرف اس اشتہارکولےکر عوام سوشیل میڈیاپرسوالات کھڑے کررہے ہیں، وہیں ششی دھر نامی ایک شٓخص نے اشتہار کے ساتھ تبصرہ کرتے ہوئے کرناٹک حکومت پر سخت تنقید کی ہے، اس نے لکھا ہے، "شرم کرو بومائی، نہرو اس فہرست میں نہیں ہے، امبیڈکردوسری صف میں ہے، جبکہ ساورکر جس نے انگریزوں کے سامنے ہتھیار ڈال دئے اور اُن کے ایجنٹ کے طور پر کام کیا، (اس کی تصویر) پہلے صف پر ہے۔ اس فہرست میں کوئی کستوربا، کوئی سروجنی نائیڈو، کوئی ارونا آصف علی نہیں۔ # کٹھ پتلی سی ایم"

بی جے پی کی طرف سے جاری کئے گئے اس اشتہار پر کانگریس نے بھی سخت اعتراض کیا ہے۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ کرناٹک کے چیف منسٹر بی ایس بومئی نے اپنے والد ایس آر بومائی اور ان کے پہلے سیاسی سرپرست ایم این رائے کی توہین کی ہے۔ وہ دونوں‘ نہروکے بڑے مداح تھے۔ کرناٹک کے چیف منسٹر اپنی نوکری بچانے کے لیے بے چین ہیں۔ جے رام رمیش نے ٹویٹ کر کے کہا کہ نہرو اس طرح کی تنگ نظری کے باوجود زندہ رہیں گے۔ اپنا عہدہ بچانے کے لیے بے چین چیف منسٹر کرناٹک جانتے ہیں کہ انھوں نے جو کچھ کیا ہے وہ ان کے والداوروالد کے پہلے سیاسی سرپرست ایم این رائے کی توہین ہے۔ 

اُدھر دوسری طرف کرناٹک کے قائد اپوزیشن اورکانگریس لیڈرسدارامیا نے اشتہار پرسخت تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر بسواراج بومئی کو آر ایس ایس کا غلام قراردیا۔ سلسلہ وار ٹویٹر پیامات میں سدارمیا نے لکھا کہ بی جے پی حکومت نے وی ڈی ساورکر کا نام مجاہدین آزادی کی فہرست میں شامل کیا ہے‘ ٹویٹ کے مطابق ساورکرنے برطانوی عہدیداروں سے معذرت خواہی کی تھی ۔ سدرامیا نے کہا کہ ہمارا خیال تھا کہ انگریزوں کے جاتے ہی غلامی بھی ختم ہوگئی، مگر چیف منسٹر بومئی نے ثابت کردیا کہ ابھی بھی وہ آر ایس ایس کے غلام ہیں۔ پنڈت جواہر لال نہرو کو مجاہدین آزادی کی فہرست میں شامل نہ کرکے آج حکومت نے ظاہر کردیا کہ چیف منسٹر اپنی کرسی بچانے  کے لئے نچلی سطح تک جاسکتے ہیں۔

بتاتے چلیں کہ آزادی کی جد وجہد میں شامل  نہرو نے مکتوب اور کتابیں تحریر کئے تھے جبکہ وہ 9 سال جیل میں بھی بند تھے‘ سدرامیا نے بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آر ایس ایس اس لئے رنجیدہ ہے کہ نہرو نے ساورکر کی طرح برطانوی حکومت سے معذرت خواہی نہیں کی اور رحم کی درخواست نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد آزادی کی فہرست سے نہرو کا نام نکال کر بومئی نے ساری قوم کی توہین کی ہے۔بومئی نے ساری دنیا کو ایک موقع فراہم کیا ہے کہ وہ ہندوستان کا مضحکہ اڑائے۔ انہوں نے چیف منسٹر پر زور دیا کہ وہ سارے ملک سے معذرت خواہی کریں۔

ایک نظر اس پر بھی

کانگریس کرناٹک میں لوک سبھا کی 20 سیٹں جیتے گی، وزیر اعلیٰ سدارامیا دعویٰ

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ  سدارامیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کرناٹک کی 28 میں سے 20 سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تئیں رائے دہندگان کا ردعمل اب تک بہت مثبت رہا ہے۔

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔