بی زیڈ۔ ضمیر احمد خان کا ہبلی دورہ؛ بی جے پی کے ذریعہ ختم کئے گئے اقلیتی اسکالرشپ اسکیم کو بحال کرنے کا کیا اعلان
ہبلی، 3/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کابینی وزیر برائے ہاوسنگ، وقف اور میناریٹی آفئیر بی زیڈ ضمیر احمد خان نے اتوار کو ہبلی کا دورہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بی جے پی کے ذریعے ختم کئے گئے اقلیتی اسکالر شپ اسکیم کو کرناٹک کی سدرامیا حکومت نے بحال کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم تقریباً 1,300 میڈیکل طلباء کو 5 لاکھ کی اسکالرشپ فراہم کر رہے ہیں۔آگے بتایا کہ کانگریس حکومت نے اقلیتی طلباء کے لیے اسکالرشپ میں 80 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔
ہبلی کے سداشیوا نگر میں اقلیتوں کے لیے گورنمنٹ مولانا آزاد پری یونیورسٹی کالج کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عمارت مہاتما گاندھی اربن ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت 124.38 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے ہبلی دھارواڑ میونسپل کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں تعمیر کی گئی تھی۔کالج کی عمارت میں چھ تدریسی کمرے، ایک دفتر اور لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے بیت الخلا شامل ہیں۔
ہم اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ اقلیتوں میں تعلیم کی سطح کم ہے۔ اس لیے ہم اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کو آگے بڑھانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دل کو لبھانے والے نعروں سب کا ساتھ سب کا وکاس اور اچھے دن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف زبانی نعرے ہیں، اور وہ خود اخلاص کے ساتھ ان پر عمل نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ مودی کے ایسے نعروں سے کسی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ بی جے پی صرف سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے ہندوؤں اور مسلمانوں کو تقسیم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سدارامیا نے ریاست میں غریبوں کو سبسڈی والے مکانات فراہم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ ہم نے پہلے ہی 36,700 گھروں کے لیے فنڈ جاری کر دی ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید 37000 مکانات تقسیم کیے جائیں گے۔ بے گھر افراد کا ریاست بھر میں سروے جاری ہے۔ آنے والے دنوں میں، ریاستی حکومت تمام بے گھر لوگوں کو گھر فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔
اس موقع پر اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا سمیت محکمہ مینارٹی اور محکمہ اوقاف کے کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔