ہندوستان میں نیپال کے ہیں سب سے زیادہ غیر ملکی طالب علم، اعلی تعلیم کے لئے کرناٹک سب سے پسندیدہ شہر: ایچ آرڈی
نئی دہلی،24/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ہندوستان میں پڑھنے کے لیے آنے والے غیر ملکی طالب علموں میں سب سے زیادہ طالب علم نیپال کے ہیں اور اس معاملے میں دوسرے نمبر پر افغانستان کے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ہندوستان میں اعلی تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طالب علموں کی پسندیدہ ریاست کرناٹک ہے۔انسانی وسائل وترقی کی وزارت کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں یہ بتایا گیا ہے۔ ہندوستان میں پڑھنے والے غیر ملکی طالب علموں کی تعداد غیر ملکی طالبات سے زیادہ ہے۔غیر ملکی طالب علموں کے درمیان بی ٹیک سب سے زیادہ مقبول کورس ہے۔اس معاملے میں دوسرے نمبر پر بی بی اے کورس ہے۔ اعلی تعلیم کے لئے رجسٹریشن کرانے والے غیر ملکی طالب علموں کی تعداد47,427ہے۔کرناٹک میں سب سے زیادہ 10,023غیر ملکی طالب علم پڑھتے ہیں۔اس کے بعد مہاراشٹر (5003)، پنجاب (4533)، اتر پردیش (4514)، تامل ناڈو (4101)، ہریانہ (2872)، دہلی (2141)، گجرات (2068) اور تلنگانہ (2020) کا نام آتا ہے۔ ایچ آر ڈی وزارت کے آل انڈیا اعلی تعلیم سروے کے مطابق دنیا بھر کے 164 ممالک کے غیر ملکی طالب علم ہندوستان میں پڑھتے ہیں۔رجسٹریشن کرانے والے کل غیر ملکی طالب علموں کے 63.7 فیصد طالب علم ٹاپ 10 ممالک کے ہیں۔سب سے زیادہ (26.88 فیصد) طالب علم نیپال کے ہیں۔اس کے بعد افغانستان (9.8 فیصد)، بنگلہ دیش (4.38 فیصد)، سوڈان (4.02 فیصد)، بھوٹان (3.82 فیصد) اور نائیجیریا (3.4 فیصد) کے طالب علم ہیں۔ اس میں بتایا گیا کہ امریکہ کے 3.2 فیصد، یمن کے 3.2 فیصد، سری لنکا کے 2.64 فیصد اور ایران کے 2.38 فیصد طالب علم ہیں۔ پی ایچ ڈی کے لیے رجسٹریشن کرانے والے غیر ملکی طالب علموں کے معاملے میں ایتھوپیا (295) سب سے آگے ہے اور اس کے بعد یمن (149) کا نام آتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ تعداد میں غیر ملکی طالب علموں نے گریجویشن کے کورس (73.4 فیصد) کے لئے رجسٹریشن کرایا ہے جبکہ ماسٹرز کے لئے 16.15 فیصد غیر ملکی طالب علموں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔رپورٹ کے مطابق غیر ملکی طالب علموں کے درمیان سب سے زیادہ مقبول کورس بی ٹیک (8,861 طالب علم) ہیں۔اس کے علاوہ بی بی اے (3354)، بی ایس سی (3320)، بی اے (2226)، بی فارما، بی سی اے، ایم بی بی ایس، نرسنگ اور بی ڈی ایس بھی مقبول ہیں۔ سالانہ سروے کے لئے اعلی تعلیمی اداروں کو تین وسیع حصوں یونیورسٹی، کالجوں اور آزاد اداروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔سال 2018-19کے سروے میں کل 962 یونیورسٹیوں، 38,179کالجوں اور 9190 آزاد اداروں نے حصہ لیا۔