کرناٹک کے وزیراعلیٰ کمار سوامی کا آخری لمحوں میں دورہ دہلی منسوخ؛ ریاست میں نئی سیاسی صف بندیوں کے اشاروں کو ہوا
بنگلورو۔21/مئی(ایس او نیوز) ایگزٹ پول کے منظرعام پر آتے ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی معتبریت پر سوال اٹھانے والے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی آج دہلی میں اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے اس سلسلے میں منظم کئے گئے احتجاج کا حصہ بننے والے تھے لیکن آخری لمحوں میں انہوں نے اپنا دورہ دہلی منسوخ کرکے سیاسی حلقوں میں اپنے اس فیصلے کے متعلق قیاس آرائیوں کا سبب بن گئے۔
دفتر وزیر اعلیٰ سے جاری بیان میں یہ اطلاع دی گئی کہ وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے اپنا دورہ دہلی منسوخ کردیا ہے، ان کے اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ آج صبح گیارہ بجے کمار سوامی بنگلور سے دہلی جانے والے تھے اور شام میں لوٹنا طے تھا۔ دہلی میں کمار سوامی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معاملے میں اپوزیشن کے احتجاج کا حصہ بننے والے تھے۔ تاہم آخری لمحوں میں انہوں نے اپنا دورہ ملتوی کردیا۔
کہا جاتاہے کہ ایگزٹ پول کے بعد ریاست کے بیشتر لوک سبھا حلقوں میں بی جے پی کی کامیابی کی قیاس آرائیوں کے بعد مخلوط حکومت میں انتشار کو مزید ہوا ملی ہے، یہ بھی کہاجارہاہے کہ انتخابی نتائج کا اثر مخلوط حکومت کے مستقبل پر مرتب ہوسکتاہے، اور کانگریس جے ڈی ایس اتحاد ٹوٹ بھی سکتا ہے، یہ بھی کہاجارہا ہے کہ کانگریس جے ڈی ایس اتحاد ٹوٹنے کے بعد بی جے پی جے ڈی ایس مخلوط حکومت کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔