بنگلورو، 24/ مئی (ایس او نیوز) کل پیر کے دن ریاستی اسمبلی میں عبوری اسپیکر آر وی دیش پانڈے کچھ دیر باہر چلے گئے تو یوٹی قادر نے اسپیکر کی ذمہ داری کیا سنبھالی کہ انہیں مستقبل کا اسپیکر بنایا جارہا ہے -اسپیکر کے عہدہ کیلئے سابق ریاستی وزیر یوٹی قادر نے آج باقاعدہ اپنے کاغذات نامزدگی بھی داخل کردئے ہیں -اسمبلی سکریٹری کے دفتر میں آج صبح جس وقت یوٹی قادر نے کاغذات داخل کئے ان کے ساتھ وزیراعلیٰ سدارامیا، نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، ریاستی وزیر بی زیڈ ضمیراحمد خان اوررکن اسمبلی اجئے سنگھ موجود تھے - سابق ریاستی وزیر آروی دیش پانڈے کو تین روزہ اسمبلی سیشن کیلئے عبوری اسپیکر نامزد کیا گیا ہے -
یوٹی قادر منگلور حلقہ سے ریاستی اسمبلی کیلئے 5 مرتبہ منتخب ہوئے ہیں اوروہ دو مرتبہ ریاستی وزیر بھی رہے - 2018 میں قائم ہونے والی مخلوط حکومت میں وہ وزیر برائے شہری ترقیات اور ہاؤزنگ رہ چکے ہیں اس دوران انہوں نے منگلور میں کئی اہم پراجکٹس متعارف کرائے جس میں منگلورو اسمارٹ سٹی بھی شامل ہے -2021 میں وہ کرناٹک اسمبلی کیلئے اپوزیشن ڈپٹی لیڈر بھی منتخب ہوئے اور تاحال اس عہدہ پر فائز رہے -اس دوران وہ ایوان میں ہر مرحلہ پر ریاستی حکومت کی خامیوں پر بحث میں حصہ لیا کرتے تھے - کنڑا پر انہیں کافی عبور حاصل ہے اس لئے شاید پارٹی نے انہیں اسپیکر کیلئے منتخب کرلیا ہے -حالانکہ اکثر اراکین اسمبلی اپنا سیاسی کیریر ختم ہو جانے کے خوف اسپیکر کے عہدہ کیلئے آگے نہیں بڑھتے کیونکہ اسپیکر کو اپنی حد میں رہ کر ہی کام کرنا پڑتا ہے - ابتداء میں اسپیکر کے عہدہ کیلئے کانگریس نے سینئر لیڈرس آر وی دیش پانڈے اور ایچ کے پاٹل کے ناموں کو پیش کیا تھا -
ذرائع کے مطابق دونوں نے اسپیکر کا عہدہ لینے سے انکارکردیا- دیش پانڈے کو بڑی مشکل سے عبوری اسپیکر مقرر کیا گیا ذرائع کے مطابق جب پارٹی نے قادرکو اسپیکر بنانے کی تجویز پیش کی تو انہوں نے بھی انکارکردیا تھا بعد میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و کرناٹک میں کانگریس کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا،قادرکو منانے میں کامیاب رہے -کہاجاتا ہے کہ صرف دوسال کیلئے اسپیکر کا عہدہ سنبھالنے ان سے کہا گیا ہے -اس کے بعد انہیں وزیربنانے کا تیقن دیا گیا -قادر اگلے دوسال اسپیکر کے عہدہ پر فائز رہیں گے -امید کی جارہی ہے کہ قادر ایک اسپیکر بن کرخود کو ثابت کریں گے -قادر اس عہدہ کیلئے واحد امیدوار ہیں کل ان کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا باضابطہ طورپر اعلان کردیا جائے گا قادر اس عہدہ کیلئے منتخب ہونے والے پہلے مسلم امیدوار ہیں -