ساحلی کرناٹکا میں طوفانی ہواوں کے درمیان انکولہ سمندر میں پھنس گئی کشتی ؛ نو لوگوں کو بچانے میں کوسٹل سیکوریٹی پولس کامیاب
انکولہ :24؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز) ساحلی کرناٹکا میں طوفانی ہواوں کےساتھ ہورہی بارش کے دوران ضلع اترکنڑا کے انکولہ میں بحرہ عرب میں ایک کشتی بری طرح پھنس گئی ، البتہ کوسٹل سیکوریٹی پولس ، کشتی پر سوار سبھی نو لوگوں کو بچانے میں کامیاب ہوگئی۔ یہ واردات جمعرات کی شام کو پیش آئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سائی کلاش نامی کشتی ممبئی سے منگلورو کے لئے روانہ ہوئی تھی ، مگر انکولہ کے قریب بحر عرب میں آئے زبردست طوفان میں پھنس گئی جس کے نتیجے میں کشتی پر سوار 9لوگوں کی جان خطرے میں پڑ گئی ۔ کوسٹل سیکوریٹی پولس کو واقعے کی اطلاع ملتے ہی انہوں نے حفاظتی اقدامات انجام دیتے ہوئے متعلقہ مقام پر پہنچ گئے اور کشتی پر سوار تمام 9لوگوں کو بحفاظت بیلکیری بندرگاہ تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے۔
کشتی میں کرویوممبرس پریتم کمار، رام جی شاہ ، رام سنگھ ، منا کمار، اجیت کمار، سچن یادو، منٹو یادو ، پرسوت کرانتا اور اشوک ٹیٹرکس سوار تھے۔ متعلقہ بارج کےمتعلق بتایاگیا ہے کہ اب یہ کشتی مزید تین دنوں تک بیلکیری بندرگاہ پر ہی لنگر انداز رہے گی اور سمندر میں طوفان کم ہونےکے بعد ہی منگلورو کی طرف روانہ ہوگی۔
کوسٹل سکیورٹی پولس کے انسپکٹر شری دھر کی نگرانی میں حسن کوٹی، پرویش سادی،گنراج ،پونیت نائک، انیل وغیرہ کارروائی میں شریک تھے۔