شیوسینا کا طنز:کانپور انکاؤنٹر نے’انکاؤنٹر اسپیشلسٹ‘یوپی حکومت کو بے نقاب کردیا
ممبئی،06 /جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) شیوسینا نے کہا کہ کانپور انکاؤنٹر نے ’انکاؤنٹر اسپیشلسٹ‘اترپردیش حکومت کو بے نقاب کردیا ہے اور اس واقعے نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ریاست میں غنڈہ گردی ختم کرنے کے دعوے پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔
یاد رہے کہ کانپور میں گذشتہ روز ایک گینگسٹر کے ساتھ مڈبھیرمیں 8 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ شیوسینا نے واردات پر کہا کہ اتر پردیش اب پولیس والوں کے خون سے داغدار ہے اور اس واقعے نے ملک کو حیران کردیا ہے۔
گذشتہ ہفتے کانپور کے نواحی گاؤں میں گینگسٹر وکاس دوبے کے بدمعاشوں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت 8 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیاتھا۔ وکاس دوبے کے ایک ساتھی کو کافی کوششوں کے بعد پولس گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے لیکن خود دوبے مفرور ہے۔
شیوسینا نے کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ دوبے واقعہ کے بعد نیپال فرار ہوگیا ہے اور نیپال کے ساتھ ہندوستان کا رشتہ ابھی بہتر نہیں ہے۔شیوسینا نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ کہیں ہندوستان کے لئے دوبے نیپال میں داؤد جیسا نہ ثابت ہو۔ اس خبر میں داؤد کا تذکرہ ان خبروں کے حوالے سے کیا گیا ہے جس میں یہ بتایا گیا کہ داؤد ابراہیم ہندوستان سے فرار ہونے کے بعد پاکستان میں مقیم ہے۔
شیوسینا نے کہاکہ کانپور میں پولیس اہلکاروں کے قتل نے انکاؤنٹر اسپیشلسٹ اترپردیش حکومت کو بے نقاب کردیا۔ کانپور میں اس واقعے نے چار دہائیوں قبل ناتھو پور میں ایک گروہ کے ہاتھوں مارے جانے والے پولیس اہلکاروں کی یاد دلائی۔حیرت کی بات یہ ہے کہ 40 سال گزرنے کے بعد بھی پولیس اہلکار مارے جارہے ہیں۔