کڈبہ : عصمت دری کی شکار لڑکی سے جنسی روابط اور اسقاط حمل کروانے کا الزام ۔ پولس کانسٹیبل گرفتار
کڈبہ 28 / ستمبر (ایس او نیوز) عصمت دری کا شکار ہوئی لڑکی سے جنسی روابط بڑھانے اور اس کو حاملہ کرنے کے بعد اسقاط حمل کروانے کے الزام میں پولیس کانسٹیبل شیو راج کو حراست میں لیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ قلی مزدوری کرنے والے ایک جوڑے کی بیٹی دو سال قبل عصمت دری کا شکار ہوئی تھی اور وہ معاملہ عدالت میں چل رہا تھا ۔ اس بیچ عدالتی سمنس دینے یا پھر کسی اور لنگڑے بہانے کے ساتھ ملزم کانسٹیبل شیوراج مذکورہ لڑکی کے گھر پر بار بار آنے جانے لگا اور اس کے ساتھ تعلقات بڑھا لیے ۔
لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ شیوراج نے ان کی بیٹی سے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر جب لڑکی حاملہ ہوئی تو اس نے شادی کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسقاط حمل کا خرچ برداشت کرنے کی بات کہی ۔ مبینہ طور پر 18ستمبر کو منگلورو کے ایک ہاسپٹل میں جانے کے لئے نکلی ہوئی لڑکی اور اس کی ماں لاپتہ ہوگئے ہیں ۔
جنوبی کینرا کے ایس پی رشی کیش سوناونے نے کڈبہ پولیس اسٹیشن کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور متعلقہ پولیس کانسٹیبل کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کی جائے گی ۔
ملزم کانسٹیبل کو معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وشوا ہندو پریشد کڈبہ یونٹ کے ذمہ داران نے کڈبہ پولیس اسٹیشن میں میمورنڈم دیا اور کہا کہ اگر مناسب کارروائی نہیں کی گئی تو احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔