بھٹکل میں کاغذ نہیں دکھائیں گے مہم؛ مجلس اصلاح وتنظیم نے جاری کیا اعلان؛ عوام سے کہا کوئی دستاویز نہ دکھائیں
بھٹکل 16/جنوری (ایس او نیوز) قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کاغذات یا دستاویزات کسی کو نہ دکھائیں۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے ندوی ن ے بتایا کہ شہریت قانون ، این آر سی اور این پی آر کے تعلق سے اگر کوئی گھر میں آکر دستاویز طلب کرے تو اُسے ہرگز نہ دکھایا جائے یا کوئی بھی تفصیلات اُنہیں نہ بتائی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر کوئی اپنے آپ کو سرکاری اہلکار یا آفسر کہہ کر دستاویز بالخصوص راشن کارڈ، شناختی کارڈ، آدھار کارڈ، برتھ سرٹی فیکٹ یا کچھ اور طلب کرے تو اُنہیں اس سلسلہ میں ذمہ داران تنظیم سے رابطہ کرنے کے لئے کہا جائے، ساتھ ساتھ اپنے علاقہ کے پنچایت ممبران اور میونسپل کونسلروں نیز محلہ کے ذمہ داروں کو فوری واقعے کی جانکاری دی جائے۔
جناب عبدالرقیب نے بتایا کہ تنظیم کی طرف سےبھٹکل کی تمام مساجد میں اعلان روانہ کیا گیا ہے اور مساجد کے ذمہ داران سے اس اعلان کو مساجد میں پڑھ کر سنانے کے لئے کہا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارہ تنظیم شہریت قانون، این سی آر اور این پی آر کے بالکل خلاف ہے اور ہم اس قانون کو ہرگز نہیں مانیں گے۔