جنتا دل (ایس) کرناٹک میں عوام کیلئے واحد متبادل، اگلے اسمبلی انتخابات میں پارٹی واضح اکثریت حاصل کرے گی: کمارسوامی کا دعویٰ
بنگلورو،12؍دسمبر (ایس او نیوز)کرناٹک میں کانگریس اور بی جے پی کی واحد متبادل پارٹی جنتا دل(ایس) ہے۔ عوام ان دونوں سیاسی جماعتوں سے تنگ آچکے ہیں اورعوام کی اس بیزارگی کا راست فائدہ جنتا دل(ایس) کو ہو رہا ہے۔ آنے والے اسمبلی انتخابات میں جنتا دل(ایس) کرناٹک میں غیر معمولی کامیابی حاصل کر کے ریاست کا اقتدار سنبھالے گی۔ یہ بات سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتا دل(ایس) کے رہنما ایچ ڈی کمارسوامی نے کہی۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے داخلی جھگڑوں سے پریشان ہے اور حکمران بی جے پی اس بھر م میں ہے کہ گجرات کی طرح کرناٹک میں بھی مودی اور امیت شاہ کا جادو چل جائے گا،لیکن کرناٹک میں ان دونوں کا جادو اس بارچلنے والا نہیں ہے۔ عوام نے اپنا ذہن پہلے ہی بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے اسمبلی انتخابات میں جنتا دل(ایس) اپنے دیگر حریفوں سے کافی آگے رہے گی۔ ننجن گڈھ کے مندر میں ہونے والی سلام آرتی کے نام کو بدل دئیے جانے کے فیصلہ پر ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے کمارسوامی نے کہا کہ بی جے پی کے پاس عوام کی زندگی او رروزمرہ کی ضرورتوں سے جڑ ے ہوئے کوئی مسائل نہیں ہیں بلکہ وہی مسائل اچھالے جا رہے ہیں جو مذہبی نفرت کو ہو ادیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ اس ملک اور ریاست میں آپسی بھائی چارہ اور امن کی جو دیرینہ روایت ہے وہ ختم ہو جائے۔ وہ تاریخ کو بدل کر رکھ دینا چاہتی ہے لیکن عوام کو روزمرہ کی زندگی میں جن مسائل کا سامنا ہے ان کی طرف مرکزی یا ریاستی حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔