جے ڈی ایس کے ’چند‘ کارکنا ن کا مشورہ: اب بی جے پی حکومت کو باہر سے حمایت دینی چاہئے
بنگلور27جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کرناٹک میں چوتھی بار وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے کے بعدیدی یورپا 29 جولائی کو اکثریت ثابت کریں گے۔ کمارسوامی کی کانگریس جے ڈی ایس حکومت گرنے کے بعد یدی یورپا نے جمعہ کو حلف لے لیا۔ اسمبلی میں فلور ٹیسٹ سے پہلے جے ڈی ایس کے ممبر اسمبلی دو دھڑوں میں بٹ گئے ہیں۔ ایک گروہ نے سابق وزیر اعلی ٰکمارسوامی سے بی جے پی حکومت کو باہر سے حمایت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ 23 جولائی کو کمارسوامی کی حکومت فلورٹیسٹ میں 99 ووٹ کے ساتھ گر گئی تھی۔سابق وزیر اور جے ڈی ایس لیڈر جی ٹی دیوگوڑا نے جمعہ کو پارٹی اراکین کی میٹنگ کے بعد کہا کہ ہم سب نے پارٹی کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم کچھ جے ڈ ی ایس ممبران اسمبلی کا مشورہ ہے کہ بی جے پی حکومت کو باہر سے حمایت دی جائے، جبکہ کچھ ممبران اسمبلی نے اپوزیشن کے کردار میں رہنے اور پارٹی کو مضبوط کرنے کا مشورہ دیا ہے.وہیں، کانگریس کے باغی رکن اسمبلی نے اسپیکر رمیش کمار کی طرف سے نااہل قرار دئے جانے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ رمیش کمار نے تینوں باغی ممبران اسمبلی کو جمعرات کو نااہل قرار دیا تھا۔ ساتھ ساتھ ان کے ضمنی انتخابات لڑنے پر بھی روک لگا دی گئی تھی۔باغی ممبران اسمبلی کو آئین کی دسویں شیڈول کے پیرا 2 (1) (اے) اور بھارت کے آئین کے 191 (اے) کے تحت اسمبلی کے ارکان کے طور پر نااہل قرار دیا گیا تھا۔ اسپیکر رمیش کمار نے کہا تھا کہ:’میں اس معاملے میں کسی فیصلے پر پہنچنے کے لئے اپنی صوابدید استعمال کروں گا تاکہ سپریم کورٹ نے مجھ پر جو اعتماد دکھایا ہے، وہ قائم رہے۔