کشمیر: رام بن میں 500 فٹ گہری کھائی میں گری کار، چار خواتین اور پانچ بچوں سمیت 11 ہلاک
سرینگر، 16 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر کے رام بن ضلع میں گاڑی کے سڑک سے پھسل کر گہری وادی میں گرنے سے چار خواتین اور پانچ بچوں سمیت 11 لوگوں کی ہفتہ کو موت ہو گئی۔
پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ایس یو وی چندکوٹ سے راج گڑھ جا رہی تھی اور اس میں 15 مسافر سوار تھے۔صبح قریب ساڑھے دس بجے کنڈا نالہ کے پاس ڈرائیور کے کار پر سے کنٹرول کھو دینے کے بعد وہ تقریباً500 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور لاش اور زخمیوں کو باہر نکالا۔ساتھ ہی افسر نے بتایا کہ چھ افراد موقع پر مردہ پائے گئے جبکہ دیگر پانچ کی اسپتال لے جاتے وقت موت ہو گئی۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور سمیت تین دیگر کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں خصوصی علاج کے لئے جموں منتقل کر دیا گیا۔راج گڑھ، رام بن ضلع میں دور دراز کی ایک تحصیل ہے جو لنک روڈ کے ذریعے جموں و کشمیر نیشنل ہائی وے سے جڑی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہاڑی راستوں پر چلنے والی ایس یو وی میں صرف سات لوگ سوار ہو سکتے ہیں اور گاڑی کے ڈرائیور نے اس کی ہدایات کی خلاف ورزی کی ہے۔انہوں نے کچھ مرنے والوں کی نشاندہی کی ہے اس کے علاوہ افسر نے بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال لے جائے گئے ایک دیگربچے کی راہ میں ہی موت ہو گئی۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بچے اور ایک خاتون کی شناخت کی جا رہی ہے۔وہیں ایک اور واقعہ میں پونچھ ضلع میں نامعلوم گاڑی سے کچل کر سائیکل ڈرائیور کی موت ہو گئی۔دوسری طرف سامبا ضلع کے جموں پٹھان کوٹ شاہراہ پر دو بسوں کے تصادم میں نو افراد زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ شدید زخمیوں کو جموں کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔