بھٹکل، 27 ستمبر (ایس او نیوز) قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے زیر اہتمام ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبی ﷺ پر نعتیہ اور کوئیز مقابلے کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے میں بھٹکل کے مختلف اسکولوں اور مدرسوں کے طلبہ نے بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اپنے اداروں کا نام روشن کیا۔
کوئیز مقابلے کی نظامت عتیق الرحمن شاہ بندری نے کی، جس میں طلبہ نے معلوماتی اور دلچسپ انداز میں حصہ لیا۔ اسکولوں، کالجوں اور مدرسوں کے طلبہ کی بھرپور شرکت نے مقابلے کو مزید پرجوش بنا دیا۔ وقت کی قلت کے پیش نظر، سیمی فائنل اور فائنل تک رسائی کے لیے بعض ٹیموں کے درمیان قرعہ اندازی کی گئی۔
کوئیز مقابلے کے فائنل میں جامعہ اسلامیہ نے شمس اسکول کو دس پوائنٹس سے شکست دے کر اول انعام اپنے نام کیا، جبکہ شمس اسکول کو دوسرا مقام حاصل ہوا۔ پہلے سیمی فائنل میں جامعہ اسلامیہ نے علی پبلک اسکول کو دس پوائنٹس سے شکست دی، اس مقابلے میں جامعہ اسلامیہ کو پچاس پوائنٹس اور علی پبلک اسکول کو چالیس پوائنٹس حاصل ہوئے۔ جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انجمن بوائز ہائی اسکول اور شمس ہائی اسکول کے درمیان مقابلہ نہایت سخت رہا اور دونوں ٹیموں نے پچاس پچاس پوائنٹس حاصل کرنے کی وجہ سے قرعہ نکالا گیا جس کے نتیجے میں شمس اسکول کو فائنل میں رسائی حاصل ہوئی۔ ا س مناسبت سے انجمن بوائز ہائی اسکول تیسرے نمبر پر رہا۔
تنظیم کی طرف سے حسب اعلان اول اور دوم آنے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا۔
نعتیہ مقابلے میں مدرسہ خیرالعلوم کے محمد شعور ابن عبدالشکور عسکری نے اول انعام حاصل کیا، انجمن کالج کے محمد علی شاذارمار کو دوسرا مقام ملا، جبکہ نونہال سینٹرل اسکول کے نائف احمد جوکاکو نے تیسرا انعام جیتا۔طلبہ کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں تنظیم کی جانب سے کوئیز اور نعتیہ مقابلے میں شریک تمام طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔
پروگرام کی صدارت مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کی، جبکہ نائب صدر عتیق الرحمن منیری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی اور تنظیم کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ پروگرام میں حاضرین کی بڑی تعداد موجود رہی اور پروگرام کو ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا، جس سے ہزاروں ناظرین نے گھر بیٹھے پروگرام سے لطف اندوزی حاصل کی۔