جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کی کورونا مریضوں کے لئے ریاست گیر مہم
ممبئی،4؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) دنیا بھر میں پھیلی کورونا وبا کے علاج کے لئے ڈاکٹرس تحقیق میں مصروف ہیں۔ لیکن پلازما تھیراپی کووڈ 19 سے متاثر مریضوں کے لئے امید کی کرن نظر آرہی ہے ۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے کووڈ 19 میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لئے ریاست گیر سطح پر پلازما تھیراپی کے لئے "ڈونیٹ پلازما ، ڈیفیٹ کورونا" کے نام سے تین روزہ مہم شروع کی ہے ۔ اس مہم 4 ، 5 ، 6 اگست کو ریاست بھر میں چلائی جائے گی ۔ کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے والے مریض رضاکارانہ طور پر پلازما کا عطیہ کریں گے اور اس مہم کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں گے۔
اس طریقہ کار کو پلازما تھیراپی ، passive immunisation بھی کہا جاتا ہے ۔ اس تھیراپی میں کورونا سے متاثرہ مریض کے بیماری سے صحت یاب ہونے کے کچھ وقت بعد اس کے ڈونیٹ کیے ہوئے پلازما سے دیگر کورونا مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے ۔ ان ٹھیک ہوئے مریضوں کے پلازما میں کورونا وائرس کے انفیکشن کو ختم کرنے والے اینٹی باڈیز تیار ہوتے ہیں ۔ دنیا کے بہت سے ممالک اس تھیراپی کو اپنا رہے ہیں ۔ ایک صدی قبل ایک طرح کے فلو کی وبا کی روک تھام اور ایبولا اور سارس وبائی بیماری سے متاثرہ افراد کا بھی اسی طریقہ سے علاج کیا جاچکا ہے ۔
ہمارے ملک میں کووڈ 19 سے متاثرہ مریضوں کے اس تھیراپی سے علاج کے لئے پلازما کی ضرورت پڑ رہی ہے ۔ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں ہزاروں افراد اس وبائی بیماری سے متاثر ہوئے ہیں اور ہماری یہ خوش قسمتی ہے کہ ان میں سے اکثر و بیشتر افراد بیماری سے اچھے بھی ہوئے ہیں ۔
جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے شعبہ خدمتِ خلق کے ذمہ دار مظہر فاروق نے کہا کہ کووڈ 19 سے متاثرہ مریضوں کی خدمت اور علاج کی طرف بڑھے ہوئے اقدامات اللہ کے نزدیک بڑے اجر اور ثواب کا ذریعہ ہیں ۔ اسلام نے ضرورت مند انسانوں کے لئے مدد کرنے کو بہت اہمیت دی ہے ۔ اللہ اس عمل کو پسند کرتا ہے کہ معاشرے کے ضرورت مند اور مستحق لوگوں کی مدد وہ بھائی کریں ، جن کو اللہ نے اپنے فضل سے نوازا ہے ۔ ان میں سے وہ بھائی بھی ہیں ، جن کو اللہ نے کورونا سے نجات عطا کی ہے ۔
مظہر فاروق نے مزید کہا کہ سیدنا حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ہے کہ مخلوق اللہ کا کنبہ ہے اور اللہ اس شخص سے زیادہ محبت کرتے ہیں ، جو اس کے کنبہ کے ساتھ حسن سلوک کرتا ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا کہ "تم زمین والوں پر رحم کرو ، آسمان والا تم پر رحم کرے گا ۔(ترمذی)