ریلوے اسٹیشن پر برآمد بم فرضی: ایم بی پاٹل
بنگلورو، یکم جون(ایس او نیوز) شہر کے سٹی ریلوے اسٹیشن کے پلاٹ فارم نمبر ایک پر کھڑی ہوئی پٹنہ ایکسپریس کی بوگی نمبرS1 سے برآمد بم نما شئے کے متعلق وزیرداخلہ ایم بی پاٹل نے کہا ہے کہ ابتدائی جانچ کے ذریعے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ یہ شئے بم نہیں بلکہ ایک فرضی گرینیڈتھی، پولیس نے اسے جانچ کے لئے لیباریٹری روانہ کردیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس و اقعے کے بعد پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ سختی سے جانچ کی جائے اور عوام میں افراتفری کا سبب بننے والے عناصر کی جانچ کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بم نما شئے کہاں سے بوگی نمبر S1تک پہنچی اور اسے کون یہاں چھوڑ گیا اس کے بارے میں مکمل جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس معاملے میں جو بھی بات سامنے آئے گی تب وہ اس بارے میں کچھ بھی کہیں گے۔