مسجدِ اقصیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز میں جھڑپیں، 205 افراد زخمی

Source: S.O. News Service | Published on 8th May 2021, 4:49 PM | عالمی خبریں |

مسجد اقصیٰ،8مئی (ایس او نیوز/ایجنسی)مسجدِ اقصیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیل کی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 205 ہو گئی ہے۔ جب کہ اسرائیلی پولیس کے 17 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

رمضان کے دوران یروشلم، جسے مسلمان القدس کہتے ہیں، اور مغربی کنارے میں جاری کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ فلسطینی خاندانوں کی ان علاقوں سے بے دخلی ہے جس کے دعویدار یہودی آباد کار ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں جمعے کی شام کو ہونے والی جھڑپوں میں اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے گولے فائر کیے۔ جب کہ فلسطینیوں نے اسرائیلی پولیس پر پتھراؤ کیا۔

مشرقی یروشلم کے علاقے شیخ جراح میں رات کے اوقات میں جھڑپیں جاری ہیں۔ جہاں متعدد فلسطینی خاندانوں کو طویل مدت سے جاری عدالتی کیس کے سبب اپنے گھر خالی کرنے پڑیں گے۔

فلسطین کے ہلال احمر ایمبولینس سروس کا کہنا ہے کہ 108 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن کی اکثریت کو ربڑ کی گولیاں لگی تھیں۔

دوسری طرف پولیس کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی طرف سے پولیس پر پتھراؤ، آتشی اشیا اور دیگر چیزیں پھینکی گئیں جس کی وجہ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف پر تشدد کارروائیاں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ فلسطینی یروشلم کو بیت المقدس کہتے ہیں اور یہ شہر مسلمانوں، یہودیوں اور عیسائیوں تینوں مذاہب کے ماننے والوں کے لیے مقدس شہر ہے۔

اسرائیل کی سپریم کورٹ شیخ جراح سے بے دخل کیے جانے والے فلسطینیوں سے متعلق کیس کی سماعت آئندہ ہفتے پیر کو کرے گی۔ اس دن اسرائیلی 1967 کی مشرق وسطیٰ کی جنگ کے بعد مشرقی یروشلم حاصل کرنے کی یاد میں ‘یروشلم ڈے’ مناتے ہیں۔

اسرائیل کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی عام شہریوں میں زمین کے تنازع کو قومی مسئلہ بنا رہے ہیں تاکہ یروشلم میں تشدد کو ہوا دی جائے۔ تاہم فلسطینیوں کی طرف سے اس الزام کو رد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر امریکہ اور اقوامِ متحدہ کی طرف سے کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ جب کہ یورپی یونین اور اردن کی طرف سے فلسطینی خاندانوں کی ان علاقوں سے ممکنہ بے دخلی سے متعلق خبر دار کیا گیا ہے۔

اس سے قبل ہزاروں فلسطینی مسجدِ اقصیٰ سے متصل چوٹی پر نمازِ جمعہ کے لیے جمع ہوئے تھے۔ تاہم افطار کے بعد مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں جھڑپیں شروع ہو گئیں اور شیخ جراح کے قریب فلسطینیوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

پولیس کی طرف سے بے دخل کیے جانے والے فلسطینیوں کے گھروں کے قریب مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن استعمال کیے گئے۔

مسجدِ اقصیٰ کے منتظمین کی طرف سے لاؤڈ اسپیکر سے پولیس کو مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے فائر کرنے سے فوری طور پر منع کیا گیا اور نوجوانوں کو تحمل اور خاموش رہنے کی تلقین کی گئی۔

فلسطینی صدر محمود عباس کی طرف سے ان جھڑپوں کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھیراتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے فوری طور پر اس واقعے سے متعلق اجلاس بلانے کا کہا گیا ہے۔

علاوہ ازیں مغربی کنارے میں بھی تشدد میں اضافہ ہوا ہے جہاں پولیس کے مطابق دو فلسطینی مسلح افراد ہلاک اور ایک اس وقت زخمی ہوا جب ان کی طرف سے اسرائیلی چوکی پر فائرنگ کی گئی۔

ایک نظر اس پر بھی

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔

ایران کا اسرائیلی جہاز پر قبضہ، جہازپر سوار 17 ہندوستانیوں کی رِہائی کے لئےکوششیں تیز؛ کیا ایران اپنے قونصل خانے پر حملے کا بدلہ لے گا ؟

 اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی  اور  آبنائے ہرمز کے قریب  اسرائیل پر ایرانی حملے کے بڑھتے  خدشات کے درمیان ایرانی فوج  نے  ایک اسرائیلی کارگو  جہاز پر قبضہ کر لیا  جس میں 17 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  معاملہ سامنے آنے کے بعد  حکومت ہند ...