غزہ پٹی پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری ، جنگ روکنے مصر کی کوششیں، امریکہ ایک بار پھر اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہوگیا

Source: S.O. News Service | Published on 7th August 2022, 12:14 PM | عالمی خبریں |

غزہ، 7؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی حالیہ جارحیت کے بعد مصر کی حکومت جنگ روکنے کیلئے حرکت میں آ گئی ہے۔مصر نے تصدیق کی کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری اور فلسطینیوں کی طرف سے راکٹ حملے روکنے کیلئے قاہرہ نے ثالثی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔مصری حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قاہرہ غزہ کی پٹی پر بمباری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ مصر نے اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان کشیدگی کو روکنے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔العربیہ/الحدث ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ایک مصری سکیورٹی وفد غزہ کی پٹی کو پرسکون کرنے کیلئے تل ابیب جائے گا، جب کہ مصر کے ایک سرکاری ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ قاہرہ، اسرائیل اور فلسطینی فریقوں کے ساتھ رابطے تیز کر رہا ہے تاکہ غزہ کی پٹی میں موجودہ کشیدگی کو ختم کیا جا سکے۔مصری حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی تنظیموں کے ساتھ اس کے رابطے موجود ہیں اور وہ جنگ بندی کی پوری کوشش کر رہا ہے۔قاہرہ کا کہنا ہے کہ مصر نے اپنے رابطوں کے دوران بچوں سمیت ہلاکتوں اور زخمیوں کے بعد غزہ کی پٹی میں فوجی آپریشن کو روکنے اور پٹی میں فوج کی پیش قدمی روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ قاہرہ نے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ معاملات مزید خراب نہ ہوں اور آپریشن مزید آگے نہ بڑھے۔ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس کے خصوصی دستوں اور توپ خانے نے جمعہ کو غزہ کی پٹی میں اسلامی جہاد سے تعلق رکھنے والے اہداف پر بمباری کے بعد اسلامی جہاد تحریک کی فوجی چوکیوں پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں اس میں موجود ایک اہم رہنما کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

امریکہ اسرائیلی جارحیت کے ساتھ:وائٹ ہاؤز نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں سے کہا ہے کہ وہ جنگی ماحول میں مزید شدت لانے سے گریز کریں۔ وائٹ ہاؤز کی طرف سے جمعہ کے روز یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل کی طرف سے بمباری کے نتیجے میں اسلامی جہاد تنظیم کے سینئر عسکری کمانڈر شہید ہو گئے، جس کے بعد اسرائیل اور غزہ کے درمیان تشدد بھڑک اٹھا۔وائٹ ہاؤز میں نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ اس تشدد کی آگ کو بھڑکنے سے روکا جائے اور ٹھنڈا کیا جائے۔ ہم پوری سرگرمی کے ساتھ اسرائیلیوں، فلسطینیوں اور علاقے کے دوسرے شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بمباری سے بھڑکنے والی صورت حال کو ٹھنڈا کیا جا سکے۔ ہم تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تصادم کو بڑھانے سے گریز کریں۔امریکہ، اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے اور اسی طرح کھڑا رہے گا۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔