گجرات کی تیسری، جیت۔ پنجاب کو6 وکٹ سے شکست ، راہل تیوتیا نے مسلسل دو چھکے لگاکر گجرات کو دلائی جیت
ممبئی، 9؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) آئی پی ایل 2022 کے 16ویں میچ میں پنجاب کنگز کا مقابلہ گجرات ٹائٹنز سے ہوا۔ گجرات نے یہ میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ یہ گجرات کی مسلسل تیسری جیت ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ پنجاب کی دوسری شکست ہے۔
190 رنز کے بڑے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے گجرات کا آغاز کچھ خاص نہیں رہا۔ ٹیم کے اوپنر ویڈ صرف 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آج آئی پی ایل میں پہلا میچ کھیلنے والے شبھن گل اور سائی سدرشن نے ٹیم کی باگ ڈور سنبھالی۔ دونوں نے 101 رنز کی شراکت داری کی۔ اس دوران سائی سدرشن 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پانڈیا اور شبھن گل نے ٹیم کو سنبھالا اور اسے آگے بڑھایا۔ گل نے 96 رنز کی اننگز کھیلی۔ آخر میں راہل تیوتیا نے مسلسل دو چھکے لگاکر گجرات کو جیت دلائی ۔
اس سے قبل لیام لیونگ اسٹون (64) اور شیکھر دھون (35) کی شاندار اننگز کی بدولت پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) نے گجرات ٹائٹنز کو 190 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پنجاب نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ ٹیم کے لیے دھون اور لیونگ اسٹون کے درمیان 32 گیندوں پر 52 رنز کی کامیاب شراکت ہوئی۔
راشد خان نے گجرات کی جانب سے سب سے زیادہ تین کامیابیاں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ ہی درشن نالکنڈے نے دو جبکہ محمد شامی، ہاردک پانڈیا اور لوکی فرگوسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔