آئی پی ایل: ممبئی اور بنگلورو کے درمیان ہوا دل تھام لینے والا مقابلہ، سوپر اوور میں بنگلورو فتحیاب

Source: S.O. News Service | Published on 29th September 2020, 10:53 AM | اسپورٹس |

دبئی،29؍ستمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا اور یہ اس وقت غلط ثابت ہونے لگا تھا جب رائل چیلنجرس بنگلورو کے دونوں سلامی بلے بازوں نے نصف سنچری بنا ڈالی۔ پھر آخر میں اے بی ڈیویلیرس اور شیوم دوبے کی طوفانی بلے بازی نے ممبئی انڈینز کے گیندبازوں کی خوب دھنائی کی۔ تین نصف سنچریوں کی بدولت ہی بنگلورو کی ٹیم 20 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 201 رن کا پہاڑ کھڑا کر سکی، لیکن پھر ممبئی کی طرف سے ایشان کشن کے 99 رن اور کیرن پولارڈ کے ناٹ آؤٹ 24 گیندوں پر 60 رن نے میچ میں جو دلچسپی پیدا کی وہ حیرت انگیز تھی۔ ایک بار آسانی سے شکست کھاتی ہوئی نظر آ رہی ممبئی نے 201 رن بنا کر میچ کو ٹائی کیا اور پھر سپر اوور کی طرف قدم بڑھا دیا۔ حالانکہ سپر اوور میں بالآخر انھیں شکست ہی ہاتھ لگی۔ سپر اوور میں ممبئی نے 8 رنوں کا ہدف بنگلور کو دیا تھا اور جسپریت بمراہ کی آخری گیند پر جب جیت کے لیے ایک رن بنانا تھا تو وراٹ کوہلی نے چوکا لگا کر میچ اپنی ٹیم کے نام کر دیا۔

آج بنگلورو کے بلے باز کافی اچھے فارم میں نظر آئے۔ شروع میں سلامی بلے باز ایرون فنچ کچھ مشکل میں ضرور نظر آئے لیکن پھر جب انھوں نے تیزی کے ساتھ بلے بازی کرنا شروع کیا تو پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ انھوں نے 35 گیندوں میں 54 رن کی اننگ کھیلی جس میں 1 چھکّا اور 7 چوکے شامل تھے۔ اس کے بعد بنگلورو کے کپتان وراٹ کوہلی (11 گیندوں پر 3 رن) جلدی آؤٹ ہو گئے، لیکن بعد کے بلے بازوں نے رنوں کی رفتار کم نہیں ہونے دی۔

بنگلورو کا تیسرا وکٹ سلامی بلے باز دیودت پڈیکل کی شکل میں 18ویں اوور کی پہلی گیند پر گرا اور تب تک وہ 40 گیندوں پر 54 رن بنا چکے تھے۔ انھوں نے 2 چھکّے اور 5 چوکے لگائے۔ پھر اے بی ڈیویلیرس نے بھی اپنی نصف سنچری محض 23 گیندوں میں مکمل کر لی۔ انھوں نے آخر تک بلے بازی کی اور 24 گیندوں پر 4 چھکّے و 4 چوکے کی مدد سے کل 55 رن بنائے۔ شیوم دوبے نے بھی 10 گیندوں میں تیز طرار 27 رنوں (3 چھکّے، 1 چوکا) کی اننگ کھیلی۔

ممبئی کی طرف سے گیندبازی میں ٹرینٹ بولٹ سب سے کامیاب رہے جنھوں نے 4 اوور میں 34 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ راہل چہر کو ملا جنھوں نے 4 اوور میں 31 رن دیے۔جیمس پیٹنسن 4 اوور میں 51 رن کے ساتھ سب سے مہنگے ثابت ہوئے اور جسپریت بمراہ نے بھی 4 اوور میں 42 رن خرچ کر دیے۔ علاوہ ازیں کرونا پانڈیا نے 3 اوور میں 23 رن دیے جب کہ ایک اوور میں 13 رن کیرن پولارڈ نے دیے۔

جب ممبئی کی بلے بازی شروع ہوئی تو ان کے سامنے جیت کے لیے 10 رن فی اوور سے بھی زیادہ کا رَن ریٹ ملا تھا۔ میدان کافی بڑا تھا اس لیے اس رفتار سے رن بنانا آسان نہیں تھا۔ لیکن ممبئی انڈینز کی بلے بازی لائن اَپ کو دیکھ کر لگ رہا تھا کہ مقابلہ سخت دیکھنے کو ملے گا، اور آخر میں ایسا ہوا بھی۔ حالانکہ شروع میں ممبئی کے لیے چیزیں بہت خراب رہیں جب دوسرے اوور میں ہی کپتان روہت شرما محض 8 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پھر تیسرے اوور میں سوریہ کمار یادو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ کوئنٹن ڈیکوک (15 گیند میں 14 رن) بھی ساتویں اوور میں اس وقت چہل کا شکار ہوئے جب ٹیم کا اسکور محض 39 رن تھا۔

ایک طرف ایشان کشن اچھی بلے بازی کر رہے تھے لیکن دوسری طرف وکٹیں لگاتار گر رہی تھیں جس کی وجہ سے رَن ریٹ کافی نیچے چلا گیا۔ ہارڈک پانڈیا سے اچھی بلے بازی کی امید تھی لیکن رن کی رفتار تیز کرنے کی کوشش میں وہ بھی محض 15 رن بنا کر ہی باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے کیرن پولارڈ ایشان کشن کے ساتھ مل کر جو بلے بازی کی اس سے بنگلورو کے کپتان وراٹ کوہلی کی نیندیں اڑ گئیں۔ آخر کے 4 اووروں میں جو طوفانی بلے بازی پولارڈ اور ایشان نے کی اس کی بدولت 20 اوور میں ممبئی نے بھی 201 رن بنا دیے جس کی وجہ سے اسکور ٹائی ہو گیا اور میچ سپر اوور میں چلا گیا۔ ایشان بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوئے لیکن اس سے پہلے انھوں نے 58 گیندوں پر 9 چھکّوں اور 2 چوکوں کی مدد سے شاندار 99 رن بنا لیے تھے۔ پولارڈ نے 24 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 60 رن بنائے۔

بنگلورو کی طرف واشنگٹن سندر نے لاجواب گیندبازی کی جنھوں نے 4 اوور میں محض 12 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اسورو اُڈانا کو 2 وکٹ ملے لیکن انھوں نے 4 اوور میں 45 رن خرچ کر دیے۔ یجویندر چہل بھی آخر میں کافی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 48 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا، اور 4 اوور میں 53 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے والے زیمپا نے تو 13 سے بھی زیادہ فی اوور رن لٹائے۔ نودیپ سینی نے بھی 4 اوور میں 43 رن خرچ کیے اور انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ نودیپ سینی نے بنگلورو کی طرف سے سوپر اوور میں گیندبازی کی اور انھوں نے ممبئی کے بلے بازوں کو 7 رن پر روک دیا۔ ممبئی کی طرف سے بلے بازی کرنے کے لیے پولارڈ اور ہارڈک پانڈیا اترے تھے۔ شروع کے دو گیندوں پر سینی نے 1-1 رن دیے اور تیسری گیند پر کوئی رن نہیں دیا۔ چوتھی گیند پر پولارڈ نے چوکا مارا اور پھر پانچویں گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ آخری گیند پر سینی نے بائی میں ایک رن دیا۔ اس طرح سے بنگلورو کو جیت کے لیے سپر اوور میں 8 رن درکار تھے۔

ممبئی کی طرف جسپریت بمراہ کو گیندبازی دی گئی تھی اور بنگلور کی جانب سے بلے بازی کے لیے وراٹ کوہلی اور اے بی ڈیویلیرس اترے تھے۔ بمراہ نے بھی کافی سمجھداری سے گیندبازی کی اور پہلی دو گیندوں پر 1-1 رن دینے کے بعد تیسری گیند پر کوئی رن نہیں دیا۔ چوتھی گیند پر ڈیویلیرس نے چوکا مارا اور پانچویں گیند پر محض ایک رن بن سکا۔ آخری گیند پر جیت کے لیے بنگلور کو ایک رن چاہیے تھا اور سامنے کپتان وراٹ کوہلی تھے۔ انھوں نے آخری گیند پر چوکا مار کر اپنی ٹیم کو جیت دلا دی۔

ایک نظر اس پر بھی

حیدرآباد نے آئی پی ایل کا سب سے بڑا اسکور بنایا ، ممبئی کو 31 رنز سے دی بری طرح شکست

آئی پی ایل 2024 کے 8ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ممبئی انڈینز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ میچ میں حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 277 رنز بنائے۔ جواب میں ممبئی کی ٹیم 20 اوورز میں 246/5 ​​رنز ہی بنا سکی۔ تلک ورما نے ممبئی کے لیے کافی دیر کوشش کی اور 64 رنز کی ...

آئی پی ایل 2024: دفاعی چمپئن چنئی نے جیت کے ساتھ کیا آغاز، بنگلورو کو 6 وکٹ سے ملی شکست

آج آئی پی ایل 2024 کا پہلا میچ دفاعی چمپئن چنئی سپرکنگز (سی ایس کے) اور رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے درمیان کھیلا گیا جس میں چنئی کو 6 وکٹ سے جیت ہاتھ لگی ہے۔ بنگلورو نے چنئی کے سامنے جیت کے لیے 174 رنوں کا ہدف رکھا تھا جسے اس نے 18.4 اوورس میں محض 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس ...

ہندوستان نے پانچویں ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگ اور 64 رن سے شکست ، سیریز پر 4-1 سے قبضہ

دھرم شالہ میں کھیلے جا رہے پانچویں ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو اننگز اور 64 رنز سےشکست دی  ہے۔ اس طرح ہندوستان نے سیریز 4-1 سے جیت لی۔ ہندوستانی ٹیم نے میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کو بڑی شکست دی۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی بری طرح لڑکھڑا گئی۔ صرف جو روٹ ہی بلے سے کچھ ...

ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 106 رنوں سے دی شکست، سیریز 1-1 سے برابر

) ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ سے ملی شکست کا بدلہ آج وشاکھاٹنم میں لے کر سیریز کو 1-1 سے برابر کر دیا ہے۔ 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ہندوستان نے 106 رنوں سے جیت لیا ہے۔ اس جیت کے ہیرو پلیئر آف دی میچ جسپریت بمراہ رہے جنھوں نے دونوں اننگ میں مجموعی طور پر 9 ...

کیپ ٹاؤن میں ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر تاریخی فتح، میچ دوسرے ہی دن ختم، ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر

ہندوستانی مینس کرکٹ ٹیم نے 2024 کا آغاز ایک شاندار اور ریکارڈ ساز جیت کے ساتھ کیا ہے۔ کیپ ٹاؤن کے نیولینڈس میں 3 جنوری سے شروع ہوا ٹیسٹ میچ 4 جنوری یعنی دوسرے دن ہی ختم ہو گیا۔ ہندوستان کو جیت کے لیے دوسری اننگ میں 79 رنوں کا ہدف ملا تھا جسے روہت بریگیڈ نے محض 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل ...

جنوبی آفریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں انڈیا کو دی ایک اننگ اور 32 رنوں سے شکست

جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہندوستانی ٹیم ایک اننگ اور 32 رنوں سے ہار گئی ہے۔ اس شرمناک شکست کا ذمہ دار ہندوستانی بلے باز اور گیندبازوں دونوں رہے، کیونکہ پہلی اننگ میں کسی طرح 245 رن کا اسکور بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم دوسری اننگ میں محض 131 رنوں پر ...