کابل،4؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) انٹرنیشنل امپائر بسم اللہ جان شنواری ہفتے کے روز افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔
ننگر ہار کے گورنرکے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ ننگر ہار صوبہ کے ضلع شنوارمیں دوپہر 12بجکر20 منٹ پریہ دھماکہ ہوا دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش میں یہ دھماکہ کیا۔ 36 سالہ بسم اللہ افغانستان اور کئی بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔ اس حادثے میں ان کے کنبہ کے سات افراد کی بھی موت ہوگئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس حملہ میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم کسی دہشت گرد تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔