جی ایس ٹی کی آمدنی سے حکومت کو فائدہ، ستمبر میں 1.73 لاکھ کروڑ روپے وصول
نئی دہلی، یکم اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جی ایس ٹی کلیکشن کے ذریعے مرکزی حکومت کو عمدہ مالی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ستمبر 2024 میں جی ایس ٹی کی آمدنی پچھلے سال کی اسی مہینے کے مقابلے میں 6.5 فیصد زیادہ رہی ہے۔ اگرچہ یہ اگست 2024 کے مقابلے میں کچھ کم ہے، لیکن 2024 کے ابتدائی نو مہینوں میں حکومت نے جی ایس ٹی سے 9 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی حاصل کی ہے۔ اگر ہم 2023 کے پہلے نو ماہ کے اعداد و شمار کا موازنہ کریں تو یہ 8 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ تھے۔ اس کے نتیجے میں، مرکزی حکومت کو اس سال جی ایس ٹی کلیکشن سے خاصی مالی مدد ملی ہے۔
مرکزی حکومت نے ستمبر ماہ کے جی ایس ٹی کلیکشن سے متعلق جو اعداد و شمار پیش کیے ہیں اس کے مطابق 1.73 لاکھ کروڑ روپے حاصل ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال اسی ماہ میں حکومت نے 1.63 لاکھ کروڑ روپے جی ایس ٹی کی شکل میں حاصل کیے تھے۔ حکومت کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق ریفنڈ کے بعد ستمبر ماہ میں حکومت کا حتمی جی ایس ٹی کلیکشن سال در سال تقریباً 4 فیصد بڑھ کر 1.53 لاکھ کروڑ روپے ہو گیا ہے۔
اگست میں جی ایس ٹی کلیکشن گزشتہ سال کی یکساں مدت سے 10 فیصد بڑھ کر تقریباً 1.75 لاکھ کروڑ روپے ہو گیا تھا۔ اگست 2023 میں جمع حتمی جی ایس ٹی ریونیو 1.59 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ جولائی ماہ میں مجموعی کلیکشن 1.82 لاکھ کروڑ روپے رہا۔ 2024 میں اب تک مجموعی جی ایس ٹی کلیکشن 10.1 فیصد زیادہ 9.13 لاکھ کروڑ روپے رہا ہے، جبکہ 2023 کی اسی مدت میں 8.29 لاکھ کروڑ روپے جمع ہوئے تھے۔