تنظیم ، آئی این ایف اور گلف کونسل کے مشترکہ تعاون سے بھٹکل میں موبائل کلینک وین کا افتتاح؛کوویڈ وباء کے چلتے ڈاکٹر خود گھر گھر پہنچ کر کریں گے علاج

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 12th May 2021, 1:52 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 12 مئی (ایس او نیوز) کورونا وباء کے چلتے جس طرح ملک میں حالات  بے قابو ہوتے جارہے ہیں،  بھٹکل میں ایسے وبائی دور میں   عوام الناس  کو وباء سے   محفوظ رکھنےاور  اُنہیں  اس وباء کی زد میں آنے سے بچانے کے لئے  موبائل کلینک کی شروعات کی گئی ہے جس کا افتتاح  منگل شام کو  عمل میں آیا۔ اس کلینک کے ذریعے   وین  الگ الگ محلوں کا دورہ کرے گی اور کوئی بھی مریض پائی جانے  کی صورت میں اُن کے گھر پہنچ کر اُن کا علاج  کیا جائے گا تاکہ مریضوں کا    ابتدا میں ہی علاج کیا جاسکے اور انہیں  کورونا  وباء سے    محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ  اس  وباءپر قابو پانے  کے لئے  ہر ممکن   اقدامات کئے جاسکیں۔

 مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل   ، انڈین نوائط فورم  (آئی این ایف ) اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے مشترکہ تعاون سے     اس موبائل کلینک کی شروعات کی گئی   ہے جس کے ذریعے  محلہ درمحلہ اور گھر گھر پہنچ کر بیمار لوگوں   کا علاج معالجہ کیا جائے گا اور   اُنہیں  ضروری دوائیں  تجویز کی جائیں گی۔ عوام الناس سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر کسی کے گھر پر کوئی بیمار پایا جاتا ہو تو پہلی فرصت میں اس موبائل کلینک میں موجود ڈاکٹروں   کے ذریعے  علاج کرائیں  اور  اس سروس سے فائدہ اُٹھائیں۔

  بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے سابق صدر اور  بھٹکل  نوائط کالونی تنظیم جمعہ  مسجد کے خطیب مولانا انصار خطیب مدنی کی دعاوں کے ساتھ  موبائل کلینک کی وین کا افتتاح ہوا، اس موقع پر مولانا نے کہا کہ  ہر شخص کے ساتھ بیمار ی لگی رہتی ہے،  ایسا کوئی آدمی  نہیں ہے جو کبھی بیمار نہ ہوتا ہو،   بخار، سردی، کھانسی، بدن میں درد وغیرہ عام مرض ہیں، مگر کووڈ  وباء کے چلتے لوگ اسپتالوں میں جانچ کے لئے جانے میں بھی خوف محسوس کرتے ہیں جبکہ لاک ڈاون کی وجہ سے بھی  ڈاکٹروں کےپاس علاج کے لئے جانے میں دشواریاں پائی جاتی ہیں، ایسے حالات میں ہمارے قومی اداروں کے ذمہ داران نے محلہ در محلہ  جاکر  بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور اسپورٹس سینٹروں کے  نوجوانوں کی مدد سے  بیمار لوگوں کی تشخیص  کرنے  اور فوری طور پر دوائیں دینے کا  نظم کیا ہے، جس کی ہر سطح پر ستائش کی جانی چاہئے۔ مولانا نے کہا کہ کسی بیماری کے ابتدائی مراحل میں ہی   اس کا فوراً  علاج  کیا جائے گا  تو کسی بھی طرح کی وباء قریب نہ پھٹکنے پائے گی جبکہ لاپروائی   کی صورت میں بظاہر چھوٹا نظر آنے والا مرض  بڑے مرض میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ 

موبائل کلینک کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے  انڈین نوائط فورم کی طرف سے  غفران لنکا نے بتایا کہ  اس وین میں ایک ڈاکٹر، نرس اورایک   میڈیکل اسسٹنٹ  رہے گا اسی طرح متعلقہ  علاقہ کے اسپورٹس سینٹر سے منسلک  نوجوان اس کلینک وین کی رہنمائی کریں گے۔ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری   عبدالرقیب ایم جے ندوی نے  عوام الناس سے درخواست کی کہ جب بھی یہ وین آپ کے علاقہ میں پہنچے  اس سے فائدہ اُٹھائیں اور علاقہ میں کوئی مریض یا بیمار شخص  پایا جاتا ہو تو اس وین میں موجود ڈاکٹر کی مدد سے  مریضوں کا علاج کرائیں۔ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیزالرحمن رکن الدین ندوی نے بتایا کہ ابتدا میں ایک وین سے  موبائل کلینک کی شروعات کی جارہی ہے، اگر عوام  کا ساتھ ملا    تو ہم دو وین، پھر تین وین بھی ایک ساتھ   الگ الگ علاقوں میں روانہ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال رمضان میں ہم  شام چار بجے سے چھ بجے تک   خدمات فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، عید الفطر کے بعد صبح اور شام دو  اوقات میں ہم اس کلینک کی خدمات پہنچائیں گے۔ انہوں نے محلہ کے تمام  اسپورٹس سینٹروں  کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے محلہ میں  اس موبائل کلینک سےفائدہ اُٹھائیں  اور   اپنے علاقہ میں پائے جانے والے  مریضوں کے مکانوں تک اس کلینک   کو لے جانے میں تعاون کریں۔

خیال رہے کہ  سو سالہ قدیم بھٹکل کے قومی سماجی ادارہ  مجلس اصلاح و تنظیم  کو بھٹکل نوائط فورم کے ساتھ ساتھ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کا مکمل تعاون  حاصل ہے جبکہ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور اسپورٹس سینٹر وں کو تنظیم کے بازو کا درجہ حاصل ہے، ان تماموں کی مشترکہ کوششوں اور تعاون سے سرپرست ادارہ تنظیم  بھٹکل کے عوام  کے مسائل حل کرنے میں  ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

انکولہ میں ڈاکٹر انجلی نے بی جے پی پر کیا طنز : مجھے بیرون ضلع کی کہنے والوں کو میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا 

انکولہ کے ناڈ ور ہال میں منعقدہ انتخابی تیاریوں کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتر کنڑا حلقے کی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مجھے اتر کنڑا ضلع سے باہر کی امیدوار بتانے والی بے جے پی کو بھی میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا ۔ انہیں شائد پتہ نہیں ...

کمٹہ میں ڈی کے شیوکمار نے کہا : دھرم کسی کی جائداد نہیں ہے ۔ بھگوان کو سیاست میں استعمال کرنا ناقابل معافی ہے

پارلیمانی انتخاب کی تیاریوں کے سلسلے میں کمٹہ میں منعقدہ  جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے پی سی سی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ ہمارا یقین یہ ہے کہ دھرم چاہے جو بھی اس کا نظریہ ایک ہی ہے ، نام چاہے سیکڑوں ہوں ، مگر بھگوان ایک ہی ہے اور پوجا جیسی بھی ہو، ...

بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب بس اور آٹو رکشہ کی ٹکر؛ آٹو ڈرائیور شدید زخمی

  قلب شہر شمس الدین سرکل کے قریب  پرائیویٹ بس اور آٹو کی ٹکر میں آٹو ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جسے   بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زائد علاج کے لئے کنداپور  لے جایا گیا ہے۔ زخمی ڈرائیور کی شناخت جامعہ آباد روڈ، ماسٹر کالونی کے رہائشی  محمد سُہیل ...

بھٹکل میں انجلی نمبالکر نے کہا؛ آنے والےانتخابات بی جے پی اور کانگریس کے درمیان نہیں ، امیروں اور غریبوں کے درمیان اور انصاف اور ناانصافی کے درمیان مقابلہ

  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اصل مقابلہ  بی جے پی اور کانگریس کے درمیان  نہیں ہوگا بلکہ  اڈانی اور امبانی جیسے  سرمایہ داروں  کو تعاون فراہم کرنے والوں اور غریبوں کو انصاف دلانے والوں کے درمیان ہوگا، صاف صاف کہیں تو یہ سرمایہ داروں اور غریبوں کے درمیان  مقابلہ ہے۔ یہ بات ...