جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل کی بروقت کارروائی۔ممکن ہوئی ایک نابالغ لڑکے کی رہائی
جدہ 2؍مئی (ایس او نیوز) تیرور کیرالہ سے عمرہ کے لئے آئی ہوئی فیملی کا ایک لڑکا غلط فہمی کی وجہ سے پولیس کی قید میں چلاگیا ، مگر جب اس بات کا علم ہندوستانی قونصل جنرل کو ہواتو انہوں نے فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے بچے کو رہائی دلائی۔
واقعہ یوں بتایاجاتا ہے کہ تیرورکولائل مدنی رحمان نامی 15سالہ لڑکا اپنے والدین کے ساتھ عمرہ کے لئے آیا ہواتھا۔ اس لڑکے نے حرم شریف میں طواف کے دوران ایک پاکٹ مارکو روکنے کی کوشش کی مگر غلط فہمی کی وجہ سے لڑکے کو ہی مجرم سمجھا گیا اور اسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔جب اس معاملے کو ہندوستانی قونصل خانے میں قونصل جنرل محمد نور رحمان شیخ کے علم میں لایا گیا تو انہوں نے اپنے عملے کو اس کام پر مامور کردیا کہ وہ اس لڑکے کے تعلق سے تفصیلات معلوم کریں۔ جس کے بعد یہ معلوم ہواکہ مدنی رحمان نامی مذکورہ لڑکے کو طائف کے بچوں کے قید خانے میں رکھا گیا ہے۔ قونصل جنرل نے وزارت خارجہ اور اس معاملے کی شنوائی کرنے والے جج سے رابطہ قائم کیا اور اس لڑکے کو رہاکرنے کی گزارش کی۔قونصل جنرل کی اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے مذکورہ لڑکے کو رہا کردیا گیا اور وہ اپنے والدین کے ساتھ وطن لوٹ گیا۔ اس طرح قونصل جنرل نور رحمان شیخ کی بروقت مداخلت اور ہمدردانہ اقدام کی وجہ سے کیرالہ کے اس خاندان کو بڑی مصیبت سے رہائی نصیب ہوئی۔
جدہ میں رہائش پذیر ہندوستانی عوام نے ان کے اس اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔