ہندوستان،چینی ٹسٹ کٹس واپس کردے گا؟
لندن، یکم مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستان کی سرکاری میڈیکل ریسرچ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہندوستان چین سے منگائی گئی کٹس واپس کر دے گا، کیوں کہ ان کی کارکردگی غیر معیاری ہے- ایجنسی نے ملک کے تمام میڈیکل مراکز کو ان کے استعمال سے روک دیا ہے- ان کٹس سے اینٹی باڈیز کا فوری ٹسٹ کیا جاتا ہے اور آدھے گھنٹے کے اندر اس کا نتیجہ سامنے آجاتا ہے- ہندوستان نے خود بھی پانچ لاکھ ایسی کٹس تیار کر لی ہیں - یہ ٹسٹ ایسے مریضوں کا لیا جاتا ہے جو کورونا وائرس کا شکار ہوتے ہیں اور ان کی اینٹی باڈیز سے اندازہ لگایا جاتا ہے کہ مریض کا جسم مرض کے خلاف کتنی قوت مدافعت رکھتا ہے- چین سے بر آمد کی جانے والی کٹس کے بارے میں طبی مراکز نے شکایت کی ہے کہ ان کے نتائج یکساں نہیں نکلے- نئی دہلی میں چینی سفارت خانے کی ترجمان ژی رونگ نے کہا کہ چند افراد کا یہ اعتراض انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور ناجائز ہے- بقول ان کے انہوں نے پہلے سے طئے شدہ منصوبے کے تحت ایسا کیا - ترجمان نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں چین بھارت کی ٹھوس مدد کر رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ ہندوستان بھیجے جانے والے آلات معیاری ہوں - چین کا کہنا ہے کہ اس کی کٹس طبی معیار کو پورا کرتی ہیں اور بھارت کے اندر ان کی سٹوریج اور ترسیل میں ضروری احتیاط برتی جانی تھی-
اور اگر ان ضابطوں پر عمل نہ کیا جائے اور بے احتیاطی برتی جائے تو اس ٹسٹ کے نتائج میں فرق آسکتا ہے- چینی ترجمان نے کہا کہ چین بدستور کورونا کے عدم پھیلاؤ میں ہندوستان کا تعاون کرتا رہے گا- پوری دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد چین اس سلسلے میں طبی آلات اور دیگر حفاظتی سامان تیار کر رہا ہے اور پوری دنیا کو بر آمد کر رہا ہے- اس کی بعض کمپنیوں کی بنائی ہوئی طبی مصنوعات کے معیار کے بارے میں بعض ملکوں نے شکایات کی ہیں - ہندوستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک مصدقہ کیسوں کی تعداد تیس ہزار کے قریب تک پہنچ گئی ہے-