ممبئی،12/دسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) ہندوستان اورویسٹ انڈیزکے درمیان تین میچوں کی ٹی -20 سیریزکے آخری اورتیسرے میچ میں ٹیم انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کرسیریزپرقبضہ کرلیا ہے۔ ٹیم انڈیا کے 241 رنوں کے ہدف کو ویسٹ انڈیزکی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی۔ کیریبیائی ٹیم 20 اوورمیں 8 وکٹ کے نقصان پر صرف 173 رن بناسکی۔ اس طرح سے ٹیم انڈیا نے 67 رنوں سے شاندارجیت حاصل کی اورسیریزاپنے نام کرلیا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کیرون پولارڈ نے نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 39 گیندوں پر68 رنوں کی اننگ کھیلی جبکہ ہیٹ مائرنے 41 رن بنائے۔ ٹیم انڈیا کی طرف سے محمد شمی، کلدیپ یادو، دیپک چہر اور بھونیشور کمار نے دو دووکٹ حاصل کئے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیزکےخلاف فیصلہ کن تیسرے ٹی -20 میچ میں ٹیم انڈیا کے بلے بازوں نے طوفانی اننگ کھیلی۔ ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورمیں تین وکٹ کے نقصان پر 240 رن بنائے اور ویسٹ انڈیزکو 241 رنوں کا بڑا ہدف دیا تھا، لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اووروں میں 8 وکٹ کے نقصان پر173 رن ہی بنا سکی۔ ٹیم انڈیا نے 67 رنوں سے میچ جیت کرسیریزپر1-2 سے قبضہ کرلیا۔
ٹیم انڈیا نے اس میچ میں شروع سے ہی بہترین بلے بازی کی۔ حالانکہ سلامی بلے باز کےایل راہل سنچری بنانےسے محروم رہ گئے۔ کے ایل راہل نے شاندار 91 رنوں کی اننگ کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگ میں 56 گیندوں کا سامنا کیا۔ کے ایل راہل نے 9 چوکے اور4 چھکے لگائے۔ کپتان وراٹ کوہلی نے شانداربلے بازی کرتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر70 رن بناڈالے۔ وہ آخرتک آؤٹ نہیں ہوئے۔ کپتان کوہلی نے محض 21 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ انہوں نے میدان کے چاروں طرف شاٹ لگائے۔ وراٹ کوہلی نے اپنی اننگ میں 7 چھکے اور4 چوکے لگائے۔ کوہلی نے آخری گیند پربھی شاندارچھکا لگایا۔ وہیں روہت شرما نے بھی بہترین اننگ کھیل کرٹیم انڈیا کومضبوط آغازدے کربڑے اسکورکی طرف پہنچا دیا۔