بارڈر-گواسکر ٹرافی: ہندوستان کی شاندار فتح، پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 295 رنز سے ہرایا، بمراہ نے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا
پرتھ، 25/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بارڈر-گواسکر ٹرافی کا آغاز ہندوستان کے لیے یادگار رہا۔ پرتھ کے آپٹس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان نے 295 رنز کی بڑی فتح حاصل کی۔ یہ میدان آسٹریلیا کے لیے ایک مضبوط قلعہ تصور کیا جاتا تھا، لیکن ہندوستان نے اس کا ناقابلِ شکست ریکارڈ توڑ دیا۔ آپٹس اسٹیڈیم میں اس سے پہلے کھیلے گئے 4 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا ناقابلِ شکست رہا تھا، مگر اس بار ہندوستانی ٹیم نے اس کا یہ سلسلہ ختم کر دیا۔ ساتھ ہی، یہ جیت آسٹریلیا میں ہندوستان کی سب سے بڑی کامیابی کے طور پر بھی درج ہو گئی۔
ہندوستان نے پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے سامنے جیت کے لیے 534 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن جیسا کہ امید کی جا رہی تھی، وہ ہندوستان کے ذریعہ کھڑے کیے گئے رنوں کے پہاڑ کے قریب بھی پہنچنے میں ناکام رہے۔ اس جیت میں ہندوستان کی تیز گیندبازی کا لاجواب تعاون رہا۔ خصوصاً کپتان جسپریت بمراہ نے اس ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹ لیے جس کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی دیا گیا۔ بمراہ کی قیادت میں ہندوستان کے تیز گیندبازوں نے دونوں ہی اننگ میں آسٹریلیائی بلے بازوں کی ناک میں دم کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ پرتھ میں پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستان کی پہلی اننگ 150 رن پر ہی سمٹ گئی تھی۔ جواب میں آسٹریلیائی ٹیم بھی محض 104 رن ہی بنا سکی۔ اس میں کپتان بمراہ کا کردار بہت اہم تھا جنھوں نے 5 آسٹریلیائی بلے بازوں کو پویلین بھیج کر اسے گھٹنوں پر لا دیا تھا۔ پھر جب ہندوستان کی دوسری اننگ شروع ہوئی تو سنچری بنانے والے یشسوی جیسوال اور نصف سنچری بنانے والے کے ایل راہل کی پہلے وکٹ کے لیے ڈبل سنچری شراکت داری نے آسٹریلیا کو میچ میں بہت دور کر دیا۔ بعد میں وراٹ کوہلی نے بھی اپنی سنچری سے ہندوستانی ٹیم کو بڑی سبقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگ 6 وکٹ کے نقصان پر 487 رن بنا کر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ غضب تو تب ہو گیا جب کل تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہی آسٹریلیا نے 12 رن پر 3 وکٹ گنوا دیے تھے۔ آج چوتھے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو 29 رن کے اسکور پر آسٹریلیا کا چوتھا وکٹ بھی عثمان خواجہ کی شکل میں پویلین لوٹ گیا۔ یہ وہ موقع تھا جب ہندوستان نے 136 سال قدیم ایک ریکارڈ کو توڑ دیا۔ دراصل اس سے قبل آسٹریلیا کے ٹاپ-4 بلے باز 1888 میں مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں 38 رن پر آؤٹ ہوئے تھے۔ آج ہندوستانی گیندبازوں نے آسٹریلیائی ٹاپ-4 بلے باز کو 29 رنوں تک پویلین بھیج کر جیت کے لیے اپنا راستہ بھی ہموار کر لیا۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگ میں سب سے زیادہ 89 رن ٹریوس ہیڈ نے بنائے۔ ان کے علاوہ مشیل مارش نے 47 رنوں کی اننگ کھیلی۔ لیکن یہ اسکور ہندوستانی اسکور کے قریب پہنچنے کے لیے ناکافی تھے۔ ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے آسٹریلیا نے دوسری اننگ میں محض 238 رن بنائے۔ ہندوستان کی طرف سے جسپریت بمراہ نے پورے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹ لیے۔ محمد سراج کو اس ٹیسٹ میچ 5 وکٹ اور ہرشت رانا کو 4 وکٹ حاصل ہوئے۔