بھٹکل 8/ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کے ماتحت جاری تین تعلیمی اداروں ودیانجلی پبلک اسکول، ودیا بھارتی انگلش میڈیم اسکول اور سری گروسُدھیندرا نیو انگلش پی یوکالج میں روبوٹیکس لیباریٹریس تعمیر کی گئی ہیں،ان تینوں لیباریٹریس کا 5 ستمبر بروز جمعرات کو باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں انڈیور سافٹ ٹیک اُڈپی کے مینجنگ ڈائرکٹر دنیش بھٹ نے چراغ جلاتے ہوئے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو زندگی میں بڑا خواب دیکھنا چاہیے ، خواب دیکھیں گے تو ہی اُسے پورا کرنے کے لئے منصوبہ بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواب کو پورا کرنے کے لئے اگر مناسب منصوبہ بنائیں تو کامیابی یقینی ہے۔ نائس آٹومیشن پرائیویٹ لمیٹڈ، بنگلور کے بانی ڈائریکٹر ناگراج پربھو، جو مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے، نے بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کی یہ کہہ کر ستائش کی کہ روبوٹکس لیباریٹریس کے ذریعے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہنرمندانہ تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ اعزازی مہمان کی حیثیت سے تشریف فرما سسکو سسٹمس ، بنگلور کے پروجیکٹ مینیجر راہول کولّے نے بھی طلبہ کو مفید مشوروں سے نوازا۔
انسٹی ٹیوٹ کی سابق طالبہ پریتی جنّو، انسٹی ٹیوٹ کے صدر ڈاکٹر سریش وی نائک، منیجنگ ٹرسٹی رویندر کولّے، ٹرسٹی منیجر راجیش نائک اور بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ سے منسلک اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور طلباء موجود تھے۔
سری گرو سدھیندرا کالج کے پرنسپل سری ناتھ پائی نے سبھوں کا خیرمقدم کیا اور پروگرام کے تعلق سے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ دی. نیو انگلش پی یو کالج کے پرنسپل ڈاکٹر۔ وریندر شانبھاگ نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔ ودیانجلی پبلک اسکول کے اساتذہ بیبیانا گومس اور پریتی پربھو نے پرنظامت کے فرائض انجام دئے۔