بیلگام میں صرف نو دنوں میں برسی مانسون کی آدھی بارش ؛ دیگر اضلاع میں بھی زبردست بارش سے سیلاب جیسے حالات
بھٹکل:10؍اگست(ایس اؤ نیوز) ریاست کرناٹک کے بیلگام میں مانسون کی بارش اپنی روایت سے زائد ہونے کی وجہ سے پورا ضلع متاثر ہواہے۔ گذشتہ سالوں میں ہوئی بارش کا موازنہ کیا جائے تو جون سے ستمبر تک 612 ملی میٹر بارش ہوا کرتی تھی ۔ لیکن امسال یکم اگست سے جاری موسلادھار بارش نے صرف 9دنوں میں آدھی پیمائش کو پار کرچکی ہے۔
بیلگام ضلع میں یکم اگست سے 9اگست تک 280ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ جب کہ ان 9دنوں میں عام طورپر 42ملی میٹر بارش درج ہوتی تھی۔ اگر پچھلے برسوں سے موازنہ کیا جائے تو امسال 7گنا زائد بارش ہونے سے ضلع بھر میں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ کونکن علاقے میں لگاتار بارش برسنےکے نتیجےمیں کرشنا، گھٹپربھا اور ملپربھا ندیوں میں طغیانی آنے سے مسائل میں اضافہ ہواہے۔
اسی طرح ریاست کے دھارواڑ، ہاویری اضلاع میں بھی اسی پیمائش کے حساب سے زبردست بارش ہوئی ہے جس سے بڑی مقدار میں جائیداد کو نقصان پہنچاہے۔ دھارواڑ اور ہاویری میں بالترتیب عام طورپر مانسون میں 498اور485ملی میٹر بارش درج کی جاتی تھی، فی الحال ان 9دنوں میں متعلقہ اضلاع میں 273اور236م م بارش درج کی جاچکی ہے۔ ملناڈ اور ساحلی علاقوں میں بھی حالات کچھ مختلف نہیں ہیں، ہاسن میں روایت سے 7گنا سے بھی زیادہ بارش ہوئی ہے اسی طرح شیموگہ ، چک منگلورو، کورگ اور اترکنڑا اضلاع میں بھی چارگنا زائد بارش درج کی جاچکی ہے۔ اس کے برخلاف رائچور، یادگیر اضلاع میں عام روایت کے مطابق آدھی بارش بھی نہیں ہوئی ہے، لیکن ندیوں میں طغیانی کی وجہ سے کئی مسائل درپیش ہیں۔ ریاست کے دیگر اضلاع بالخصوص بنگلورو دیہی ، کولار ، رام نگر اور چک بلاپور اضلاع میں بارش کی قلت محسوس کی جارہی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سیلاب کے لئے موسم کی تبدیلی کو وجہ سبب بتانا صحیح نہیں ہوگا، حالیہ دنوں میں موسمیات میں کافی تبدیلیاں ہورہی ہیں ۔ ایک اور ماہر کا کہنا ہےکہ سیلاب، طغیانی وغیرہ معمول کے مطابق ہوتےرہتے ہیں اس کے لئے موسم کی تبدیلی کو ذمہ دار قرار دینے کے لئے مصدقہ وجوہات نہیں ہیں ، اگر یہ حالات باربار ہوتے ہیں تو اس پرروک لگانا ممکن ہے۔
ضلع روایت کےمطابق بارش اب تک ہوئی بارش زائد
بیلگام 53ملی میٹر 309ملی میٹر 6گنا
دھارواڑ 40 ملی میٹر 241ملی میٹر 6گنا
ہاویری 39 ملی میٹر 288ملی میٹر 7.3گنا
ہاسن 57ملی میٹر 291 ملی میٹر 5 گنا
کورگ 213ملی میٹر 743 ملی میٹر 3.4گنا
شیموگہ 179 ملی میٹر 620 ملی میٹر 3.4 گنا
چک مگلورو 134 ملی میٹر 432 ملی میٹر 3.2 گنا