کیرالہ میں اگلے 5 دنوں تک بھاری بارش کا انتباہ
ترواننت پورم،3؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اتوار کے روز الرٹ جاری کرتے ہوئے کیرالہ میں اگلے پانچ دنوں تک بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ترواننت پورم، پٹھان متھیٹا اور کولم کو چھوڑ کر ریاست کے 11 اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست میں اگلے 24 گھنٹوں میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے ایک بیان میں کہا کہ بھاری بارش کے دوران آسمانی بجلی کے گرنے کا بھی امکان ہے۔
خیال رہے کہ بھاری بارشوں کے سبب کیرالہ میں پیش آنے والے حادثات میں جان و مال کا پہلے ہی نقصان ہو رہا ہے۔ پولیس کے مطابق اڈوکی ضلع کے مریکاسیری میں بھاری بارش کے سبب بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔ بھاری بارش کے سبب ریاستوں میں مختلف مقامات سے حادثہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ پولیس نے کہا کہ اڈوکی ضلع کے مریکاسیری میں بھاری بارش کے سبب ایک گھر پر مٹی کا ٹیلہ گرنے سے ایک خاتون اور اس کے کنبہ کے رکن معمولی طور سے زخمی ہو گئے۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے تمام اضلاع کے کلکٹروں کو بھاری بارش اور ریاست کے کچھ مقامات پر سیلاب کے خدشہ کو لے کر انتباہ جاری کیا ہے۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کو بھی الرٹ پر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔