بنگلورو میں آئی ایم اے گھپلے کے سرمایہ کارو ں کا احتجاجی مظا ہرہ، رقم لوٹانے حکومت سے مطالبہ، کارروائی تیز کرنے پر زور
بنگلورو،17؍جولائی(ایس او نیوز)کروڑوں روپیوں کے آئی ایم اے پونزی گھپلے میں اپنا پیسہ گنوانے والے سرمایہ کاروں نے شہر میں ہفتہ کے روز فریڈم پارک میں اپنی رقم واپس دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
شیواجی نگر کے رکن اسمبلی رضوان ارشد نے اس احتجاج میں شرکت کی اور متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے اپنی طرف سے حتی الامکان کوشش کا تیقن دلایا۔ انٹگریٹیڈ ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے کئے گئے اس احتجاج میں بڑی تعداد میں سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
اس مقع پر رضوان ارشد نے کہا کہ آئی ایم اے معاملہ میں حکومت کی طرف سے جب سے کامپی ٹنٹ اتھارٹی کے اسپیشل آفیسر ہرشا گپتا کا تبادلہ کیا گیا اس وقت سے اس کی کاکردگی کافی سست ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں فاسٹ ٹریک عدالت میں کیس چلا اور جن لوگو ں نے آئی ایم اے سے غلط اور غیر قانونی فائدہ حاصل کیا ان کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کا حکم ہوا جس کے خلاف ملزمین نے ہائی کورٹ سے رجوع ہو کر اسٹے حاصل کر لیا ہے۔ اب اس اسٹے کو خارج کروانے کے لئے سرمایہ لگا کر اپنا سب کچھ گنوانے والوں کے پاس اتنی مالی حیثیت نہیں ہے کہ کسی سینئر وکیل کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم اے پونزی اسکیم ملک کی واحد ایسی اسکیم ہے جس کے تحت تھوڑا ہی سہی سرمایہ کاروں کو رقم واپس ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دو ہفتوں میں وہ وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی سے سرمایہ کاروں کی ملاقات کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوششوں سے ایس آئی ٹی کا قیام عمل میں آیا۔اسپیشل کورٹ قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم اے کامپی ٹنٹ اتھارٹی کے کمشنر فی الوقت بیلگاوی میں متعین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے کامپی ٹنٹ اتھارٹی کے افسر سے ملنے کی تین ماہ سے وہ کوشش کر رہے ہیں لیکن نہیں مل سکے۔ جب ایک رکن اسمبلی سے نہیں مل پا رہے ہیں تو عام لوگوں سے کیا مل سکیں گے۔