آئی سی سی کی تازہ رینکنگ جاری ہندوستانی کھلاڑیوں کو ملا فائدہ
نئی دہلی30ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) رینکنگ میں ٹاپ پر برقرار وراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں ایشیاء کپ میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کرنے والے سلامی بلے باز روہت شرما آئی سی سی ون ڈے بلے بازوں کی تازہ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جس کی وجہ سے اب رینکنگ میں ٹا پ دوپوزیشن پر ہندوستانی کھلاڑیوں کا قبضہ ہوگیا ہے۔
دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے جب روہت شرما رینکنگ میں دوسرے نمبرپرپہنچے ہیں۔ وہ اس سال جولائی میں بھی اس جگہ پر پہنچے تھے۔ ایشیاء کپ میں روہت نے 317 رن بناکرٹورنامنٹ میں دوسرا سب سے بڑا ذاتی اسکور بنایا تھا۔ جبکہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 342 رن شیکھر دھون نے بنائے تھے۔ ان کو بھی درجہ بندی میں فائدہ ہوا ہے اور اب وہ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
وہیں اگر پاکستانی کھلاڑیوں کی بات کریں تو ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے صرف بابراعظم شامل ہیں ، جن کی رینکنگ میں 4 درجے تنزلی ہوئی اوروہ چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چوتھے اور شیکھر دھوان پانچویں نمبرہیں۔