آئی اے ایس آفیسر منیش موڈگل کا تبادلہ
بنگلورو ،16؍ فروری (ایس او نیوز) آئی اے ایس عہدیدار منیش موڈگل جنہیں مرکزی حکومت نے گزشتہ ہفتہ ای گورننس کے لیے قومی ایوارڈ عطا کیا تھا، کا کمشنر سروے ، سیٹلمنٹ اور لینڈ ریکارڈس کے عہدہ سے تبادلہ کردیا گیا ۔ منیش کو اب محکمہ پر سونل اور انتظامی اصلاحات کا سکریٹری مقرر کیا گیا۔ کے وی تری لوک چندر جو پہلے انسپکٹر جنرل رجسٹریشن اور کمشنر آف اسٹامپس تھے اب ان کی جگہ لیں گے۔
اطلاعات کے مطابق منیش نے جائیدادوں کے سروے کی زیر التواء درخواستوں کے مسئلہ سے نمٹنے عبوری اقدام نافذ کیا تھا اور یہی فیصلہ ان کے تبادلے کی وجہ بنا۔ 1.31 لاکھ سروے درخواستیں برسہا برس سے زیر التواء ہیں اور ان کی یکسوئی کے لیے محض 1937 سرویئرس ہیں۔ منیش نے مختلف اضلاع میں جہاں معاملات کی تعداد بہت زیاد ہے، تین ماہ کے 97 سرویئرس کو تعینات کیا تھا۔ ان میں سے 60 کو پڑوسی اضلاع روانہ کیا گیا جبکہ دیگر کو ان اضلاع میں تعینات کیا گیا جو ان کے گھروں سے کافی دور ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ اس سے سرکاری ملازمین کی انجمن ناراض تھی۔ منیش لینڈ ریکارڈس سروے کے منتظر شہریوں کے انتظار کا وقت کم کرنے کا حل تلاش کررہے تھے۔ عموماً ایک سرویئر کو ایک ماہ میں 23 کیسس حوالے کیے جاتے ہیں مگر معاملات زیر التو ئ رہنے کی صورت میں نئے درخواست گزاروں کو انتظار کرنا پڑتا ہے اور انہیں سسٹم کے ذریعہ ویٹنگ کیو نمبر جاری ہوتا ہے۔