میں ڈرا ہوا ہوں، کوئی نہیں جانتا پی ایم مودی کیا کریں گے: این سی پی سربراہ شرد پوار
نئی دہلی،21؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ وہ اس بات کو لے کر بہت ڈرے ہوئے ہیں کہ پتہ نہیں وزیر اعظم نریندر مودی آگے کیا کر دیں۔غور طلب ہے کہ ایک بار مودی نے پوار کو سیاست میں اپنا گرو بتایا تھا۔پوار نے بارامتی لوک سبھا علاقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی کہتے ہیں کہ وہ میرا پیر پکڑ کر سیاست میں آئے۔لیکن اب میں بہت ڈرا ہوا ہوں کیونکہ یہ آدمی کیا کرے گا، کوئی نہیں جانتا۔بارامتی لوک سبھا حلقہ سے پوار کی بیٹی سپریا انتخابی میدان میں ہیں۔مودی نے 2016 میں پونے ضلع میں ایک تقریب میں این سی پی سربراہ کے ساتھ مشترکہ اسٹیج سے کہا تھا کہ وہ پوارکا پیر پکڑ کر سیاست میں آئے تھے۔پوار نے کہا کہ بی جے پی سربراہ امت شاہ نے حال میں بارامتی کا دورہ کیا تھا اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کو اس علاقے میں ایک جلسے سے خطاب کرنا ہے۔انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکیوں پورے ملک کو اس جگہ کا دورہ کرنے میں دلچسپی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پوچھ رہی ہے کہ یو پی اے حکومت نے کیا کیا تھا لیکن وہ یہ بتانے میں ناکام رہی ہے کہ اس نے اقتدار میں رہنے کے دوران دس سال میں کیا کیا۔ پوار نے کہاکہ مودی نے مہاراشٹر میں سات الیکشن ریلیاں کی تھی اور ان تمام ریلیوں میں مسئلہ شرد پوار تھا۔