بھٹکل: 9؍جون (ایس اؤ نیوز) کویڈ-19 کی وجہ سے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کے چلتے ریاست کے تمام اسکول اور کالجس اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو بند رکھنے پر مجبور ہوئے۔ ان حالات میں آن لائن تعلیم و تدریس کا چرچا زوروں پررہا اور چنندہ اسکولوں اور کالجوں نے آن لائن تدریس شروع بھی کی۔ لیکن دیہی علاقوں میں موبائیل نیٹ ورک ، انٹرنیٹ جیسے مسائل سے طلبا کو تعلیم حاصل کرنا مشکل ہورہاتھا۔ اسی کو دھیان میں رکھتےہوئے بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ نے دیہاتوں کے مراکز میں ڈیجیٹل تعلیم و تدریس کا انوکھا منصوبہ تشکیل دیا ہے تاکہ کوئی بھی طالب علم تعلیم سے محروم نہ رہے۔
پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے اسکول کے منتظمین نے بتایا ہے کہ منصوبے کو عملی جامہ پہننانے کے لئے لکچررس اور طلبا پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ٹیم کی ان تھک محنت، والدین اور گاؤں والوں کے تعاون سے پہلے مرحلے میں ماروکیری ، کونار ، ہاڈولی جیسے دیہات میں دیہی تعلیم کی شروعات کی گئی ہے۔
ماروکیری سہکاری سنگھ کے صدر شری کنٹھ ہیبار نے دیہی ڈیجٹل تعلیم کااجراء کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کادیہی تعلیم کاخواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہاہے۔ پوری ریاست میں یہ پہلا تجربہ ہے ۔ دیہی تعلیم کے لئے بنائے گئے سافٹ وئیر کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتےہوئے ٹرسٹی مینجر راجیش نایک نے کہاکہ طلبا سانیٹائزر ، ماسک کا استعمال کریں اور طبی فاصلہ قائم رکھتے ہوئے انوکھے تعلیمی تجربے سے استفادہ کریں۔
اس موقع پر پی یوکالج کے پرنسپال وریندرشانبھاگ، ڈگری کالج پرنسپال شری ناتھ پائی ، نائب پرنسپال ، مختلف شعبہ جات کے صدور ، لکچررس اور والدین وغیرہ موجود تھے۔