بھٹکل کے قریب منکی نیشنل ہائی وے پر کاراور ٹرک کی ٹکر؛ ڈرائیور کی موت
بھٹکل 17 مارچ (ایس او نیوز) قریبی علاقہ منکی نیشنل ہائی وے پر ہوئے ایک سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ حادثہ جمعہ کی دوپہر قریب ڈھائی بجے چیتّار کراس کے قریب نیشنل ہائی وے پر پیش آیا۔
منکی پولس نے بتایا کہ کار مینگلور سے ہوناور کی طرف جارہی تھی۔ سامنے والی لاری کو پیچھے سے تیز رفتاری کے ساتھ ٹکر ماردی۔ ٹکر لگتے ہی کار کا اگلا حصہ لاری کے اندر گھس گیا اور لاری ڈرائیورشدید زخمی ہوگیا۔ مقامی لوگوں نے ڈرائیور کو کار سے نکال کر قریبی اسپتال لے جانے کی کوشش کی، مگر زخموں کی تاب نہ لاکر ڈرائیور نے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیا۔
ڈرائیور کی شناخت مینگلور کے رہائشی اننتیش راو (41) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثے میں کار کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
منکی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔